خلیج تعاون کونسل کے چار ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں ستمبر کے دوران اضافہ

خلیج تعاون کونسل کے چار ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں ستمبر کے دوران اضافہ

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی): خلیج تعاون کونسل کے چار ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں ستمبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کر دہ اعدادوشمار کے مطابق بحرین ، کویت، قطر اور اومان میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے ستمبر کے دوران 248.1 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو اگست کے مقابلہ میں 1.38فیصد زیادہ ہے۔ اگست میں ان ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 244.7 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ گزشتہ سال ستمبر میں خلیج تعاون کونسل کے ان ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 296.7 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔

اعدادوشمار کے مطابق ستمبر میں بحرین میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 33.4، کویت 64.7، قطر 70.7 اور اومان سے ترسیلات زر کا حجم 79.2 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا ۔

جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ان ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 721.1 ملین ڈالر کازرمبادلہ ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 18.2 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بحرین ، کویت، قطر اور اومان میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 881.8 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔