ایس ایم ایز کی بہتر ترقی کےلئے ایس ایم ای بینک کو فعال بنایا جائے، صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ ایس ایم ایز کی بہتر ترقی کیلئے ایس ایم ای بینک کو دوبارہ فعال بنایاجائے تا کہ یہ کاروباری ادارے معیشت کی بحالی میں موثر کردار ادا کر سکیں، پہلے ہی چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو بینکوں سے قرضہ حاصل کرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے کیونکہ …

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ ایس ایم ایز کی بہتر ترقی کیلئے ایس ایم ای بینک کو دوبارہ فعال بنایاجائے تا کہ یہ کاروباری ادارے معیشت کی بحالی میں موثر کردار ادا کر سکیں، پہلے ہی چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو بینکوں سے قرضہ حاصل کرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے کیونکہ پاکستان میں ان کاروباری اداروں کو نجی شعبے کے قرضوں کا صرف 6 سے 7 فیصد ملتا ہے جبکہ بنگلہ دیش میں 25 فیصد اور بھارت میں 18 فیصد ملتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ورکرز فیڈریشن کی سٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین ظہور اعوان کی قیادت میں بینک ملازمین کی یونینوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میاں اکرم فرید چیئرمین (سنٹرل) ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان، ایس ایم ای بینک ایمپلائز یونین،پنجاب بینک ایمپلائز یونین، زرعی ترقیاتی بینک ایمپلائز یونین اور سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن ایمپلائز یونین کے صدور بھی وفد میں شامل تھے۔

سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، سابق صدر محفوظ ا لٰہی، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری اور دیگر بھی اجلاس میں موجود تھے۔ احسن بختاوری نے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور لیبر قوانین کے حوالے سے قانونی اصلاحات کیلئے پاکستان ورکرز فیڈریشن کی کوششوں کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ان کے جائز تحفظات کو ازالے کیلئے متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھانے کی کوشش کرے گا۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان ورکرز فیڈریشن کی سٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین ظہور اعوان نے کہا کہ ایس ایم ای بینک کی ممکنہ بندش یا نجکاری کی وجہ سے ملازمین میں تشویش پائی جاتی ہے۔میاں اکرم فرید، چیئرمین (سنٹرل) ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان نے کہا کہ ایس ایم ایز معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں ۔

آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ پاکستان کو اپنی معیشت کی بحالی کے لئے صنعت کاری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اور ایس ایم ایز کی بہتر ترقی اس مقصد کو حاصل کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔