جاپان کا غزہ کے رہائشیوں کے لیے مزید امداد کا اعلان

ٹوکیو۔23اکتوبر (اے پی پی):جاپان کی وزیر خارجہ کامی کاوا یوکو نے غزہ کی پٹّی میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال کو روکنے کی غرض سے بین الاقوامی سطح پر مشترکہ کوششیں کرنے پر زور دیا ہے۔ جاپانی خبررساں ادارے کے مطابق مصر کی میزبانی میں ہونے والی قاہرہ امن کانفرنس میں جاپان کی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس کانفرنس کے شرکا کے لیے سب سے بنیادی امر یہ ہے کہ …

ٹوکیو۔23اکتوبر (اے پی پی):جاپان کی وزیر خارجہ کامی کاوا یوکو نے غزہ کی پٹّی میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال کو روکنے کی غرض سے بین الاقوامی سطح پر مشترکہ کوششیں کرنے پر زور دیا ہے۔

جاپانی خبررساں ادارے کے مطابق مصر کی میزبانی میں ہونے والی قاہرہ امن کانفرنس میں جاپان کی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس کانفرنس کے شرکا کے لیے سب سے بنیادی امر یہ ہے کہ غزہ میں عوام کو جس قدر جلد ممکن ہو سکے ضروری سامان پہنچایا جائے، اور وہاں موجود غیرملکیوں کو مصر منتقل کیا جائے۔

کامی کاوا نے کانفرنس کے شرکا پر زور دیا کہ غزہ میں لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے طاقت و حکمت کو یکجا کریں اور خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے صورتحال کی شدت کم کریں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ جاپان مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے لئے اپنی غیر متزلزل حمایت پر قائم ہے، جس میں فلسطین کی آزاد ریاست قائم ہو اور وہ اسرائیل کے ساتھ بقائے باہمی سے پُرامن اور محفوظ طریقے سے رہ سکے۔

انہوں نے غزہ کے رہائشیوں کے لیے ایک کروڑ ڈالر کی ہنگامی انسانی امداد فراہم کرنے کے حکومتِ جاپان کے منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔