آسٹریلیا کی پچز اور کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے پریکٹس کر رہے ہیں،فاسٹ بائولنگ کوچ عمر گل

86
Fast bowling coach Omar Gul
Fast bowling coach Omar Gul

راولپنڈی۔23نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولنگ کوچ عمر گل نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی پچز اور کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے پریکٹس کر رہے ہیں ، نسیم شاہ کی کمی محسوس ہو گی ۔ جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا آسٹریلوی کنڈیشنز ہمیشہ چیلنجنگ ہوتی ہیں جس کے لیے محنت کی ضرورت ہے ، وہاں کی پچز اور کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیمپ میں چار مختلف پچز پر پریکٹس کر رہے ہیں ، عمر گل نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں لمبے سپیل کرانا معمول کی بات ہے، لمبے سپیل کرانے سے متعلق حکمت عملی تیار کی ہے،

انہوں نے کہا کہ بائولنگ میں ہمیشہ بہتری کی ضرورت ہوتی ہے ، شاہین شاہ آفریدی تجربہ کار بائولر ہیں اور دورہ آسٹریلیا میں ان سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ ڈومیسٹک پرفارمرز کو عزت دینی چاہیے ، ٹیسٹ سکواڈ میں سینئرز کے ساتھ ، ساتھ ڈومیسٹک پرفارمرز بھی شامل ہیں ، ہمارا بائولنگ اٹیک اچھا ہے اور امید ہے آسٹریلیا میں بہتر نتائج دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا نسیم شاہ ہمارا اہم بائولر ہے اور ان کا ری ہیب جاری ہے،

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ان کی کمی محسوس ہو گی ، سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ میں اس طرح پرفارم نہیں کر سکی جیسی امید تھی، پاکستان ٹیسٹ سکواڈ نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے ، پہلے روز کھلاڑیوں نے بیٹنگ ، بائولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس کی ، تربیتی کیمپ 28 نومبر تک جاری ہے گا ،واضح رہے کہ قومی ٹیم دورہ آسٹریلیا میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی ، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ ، دوسرا ٹیسٹ میں 26 سے 30 دسمبر تک میلبرن جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں کھیلا جائے گا ۔