اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):زراعت کے شعبے کو حکومت نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ایجنڈے میں سرفہرست رکھا ہے، وزارت منصوبہ بندی نے زرعی شعبوں سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کے جلد نفاز کے لئے کوششیں تیز کرتے ہوئے متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ وہ ان منصوبوں کو جلد مکمل کریں۔
رواں مالی سال میں زراعت کے شعبے کے لیے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت اربوں روپے مالیت کے کئی منصوبے مختص کیے گئے ہیں تاکہ زرعی شعبے سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جا سکے۔
ان منصوبوں میں کیج کلچر کلسٹر ڈویلپمنٹ کا منصوبہ ، پاکستان میں آلو ٹشو کلچر ٹیکنالوجی کی کمرشلائزیشن، صارفین کے ذریعہ بیج کی تصدیق کے نظام کا قیام، جنوبی بلوچستان میں سیڈ سرٹیفیکیشن سروسز کا قیام؛ قومی تیل کے بیج بڑھانے کا پروگرام؛ پاکستان کے بارانی علاقوں میں کمانڈ ایریا بڑھانے کا قومی پروگرام؛ پاکستان میں آبی گزرگاہوں کی بہتری کے لیے قومی پروگرام،گنے کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ، گندم کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ جیسے دیگر منصوبے شامل ہیں۔