کراچی ویمن چیمبر آف کامرس ملیر اور اقراء یونیورسٹی کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ

146
کراچی ویمن چیمبر آف کامرس ملیر اور اقراء یونیورسٹی کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ

کراچی۔ 27 جنوری (اے پی پی):کراچی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملیر (کے ڈبلیوسی سی آئی) اور اقراء یونیورسٹی ایئرپورٹ کیمپس نے نوجوانوں کو فنی تربیت کی فراہمی، روزگار کے حصول میں رہنمائی سمیت طلبا و طالبات کو تعلیم کے حصول کے بعد ایک کامیاب انٹرپرینور بنانے کے لیے باہمی مفاہمت (ایم او یو)کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔

ایم او یو پر کے ڈبلیوسی سی آئی کی بانی صدر نازلی عابد نثار اور ڈائریکٹر اقراء یونیورسٹی ایئرپورٹ کیمپس اطہر اقبال نے دستخط کئے۔اس موقع پر کے ڈبلیوسی سی آئی کی سینئرنائب صدر افضالہ شاہین،نائب صد ریاسمین عارف اور ڈاکٹر طوبیٰ بھی موجود تھیں۔ کراچی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملیر کے زیراہتمام اقراء یونیورسٹی ایئرپورٹ کیمپس کے تعاون سے طلباء کے لیے”کریٹیو کلچرل فیئر 2024” کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں طلبا و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

تقریب میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر بطور مہمان خصوصی ثاقب فیاض مگوں، نائب صدورامان اللہ پراچہ اورآصف سخی،سابق نائب صدر خرم اعجاز، پاکستان انڈونیشیا بزنس کونسل کے چیئرمین عابد نثار ،فرسٹ ویمن بینک کی شکیلہ نیاز سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔مہمان خصوصی ثاقب فیاض مگوں نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور مختلف مقابلوں کے فاتح طلباء میں انعامات تقسیم کیے۔

ایف پی سی سی آئی کی سابق نائب صدر اورکراچی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملیر (کے ڈبلیوسی سی آئی)کی بانی صدر نازلی عابد نثار نے اس موقع پر طلبا وطالبات کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کے معمار ہیں۔ ہم نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کریں گے اور اسی مقصد کے تحت ٹریننگ سینٹر کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا نیز خواتین کو کمپیوٹر سمیت دیگر شعبوں میں تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے اقراء یونیورسٹی ایئرپورٹ کیمپس میں” کریٹیو کلچرل فیئر 2024” منعقد کرنے میں تعاون پر ڈائریکٹر اطہر اقبال اور فرسٹ ویمن بیک کا شکریہ بھی ادا کیا۔ایف پی سی سی آئی کے صدر ثاقب فیاض مگوں نے طلباء کو پاکستان کا مستقبل قرار دیا اور اقراء یونیورسٹی ایئرپورٹ کیمپس کے طالب علموں کو فیڈریشن کے دورے کی دعوت دی اور ایف پی سی سی آئی میں منعقد ہونے والی تقریبات کو آرگنائز کرنے کی پیشکش بھی کی۔

انہوں نے اسٹالز ہولڈرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ برانڈنگ پر توجہ دیں تاکہ دنیا بھرمیں ان کی مصنوعات کو پذیرائی حاصل ہو۔پاکستان انڈونیشیا بزنس کونسل (پی آئی بی سی ) کے چیئرمین عابد نثارکا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع ملنے چاہیے اس حوالے سے ایف پی سی سی آئی ایک شاندار پلیٹ فارم ہے جہاں انہیں اپنی صلاحیتوں کو منوانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مصنوعات کی برانڈنگ پر بھی زور دیا اور ملکی معیشت میں اقراء یونیورسٹی کے کردار کی بھی تعریف کی۔اس موقع پر فرسٹ یمن بینک کی شکیلہ نیاز نے خواتین تاجروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بزنس کی توسیع کے لیے آسان شرائط پر قرض کے حصول کے لیے فرسٹ ویمن بینک سے رجوع کرسکتی ہیں جہاں ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔