راولپنڈی میں پی ایس ایل کے کل 09 میچز 02 مارچ 2024 کو شروع ہوں گے اور 10مارچ 2024 تک جاری رہیں گے، کمشنرراولپنڈی

133
PSL Nine
PSL Nine

راولپنڈی۔ 01 مارچ (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے راولپنڈی کر کٹ سٹیڈ یم میں پی ایس ایل کرکٹ میچز کی سکیورٹی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کہا کہ راولپنڈی میں پی ایس ایل کے کل 09 میچز 02 مارچ 2024 کو شروع ہوں گے اور 10 مارچ 2024 تک جاری رہیں گے۔

ان میں سے 03 ڈے اور 06 نائٹ میچز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میچزمیں سکیورٹی کے ساتھ ساتھ دیگر انتظامات کو بھی بہترین بنانا ہے تا کہ مہمان کھلاڑیوں کو پاکستانیوں کی مہمان نوازی و امن پسندی کا ادراک ہو۔ یہی لوگ عالمی سطح پر ہمارا مثبت امیج اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں عوام کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ قومی مفاد کی خاطرقانون نافذ کر نے والے اداروں سے بھر پور تعاون کریں اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔

کرکٹ سٹیڈیم میں منعقدہ اس اجلاس میں کمشنر حسن وقار چیمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی آپریشن، ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈپلاننگ رمیشاء جاوید سمیت و دیگر متعلقہ انتظامی محکموں کے سربراہان نے  شرکت کی۔انجینئر عامر خٹک نے ہدایت کی کہ پی ایس ایل کے انتظامات میں کوئی کمپرومائز نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ سٹیڈیم کے ساتھ ملحقہ فوڈ سٹریٹ کو 28 فروری سے بند کر دیا گیا ہے اور فوڈ سٹریٹ 11 مارچ کو دوبارہ کھول دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈبل روڈ اور کرکٹ سٹیڈیم کے اردگرد موجود سڑک کا پیچ روک مکمل کیا جاچکا ہے اور روٹس پر موجود تمام سٹریٹ لائٹس کی مرمت بھی کی گئی ہے۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیاکہ تمام متعلقہ اداروں کی مدد سے ضلعی انتظامیہ راولپنڈی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔

دوران میچز ساڑھے پانچ ہزار سکیورٹی اہلکار اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ اس کے علاوہ واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمرہ، انٹری گیٹ پر نادرہ و یری فیکیشن کاؤنٹر کا قیام اور راستے میں سے تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنایا گیا ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ تمام تر انتظامات کی مانیٹرنگ کے لیے شہباز شریف سپورٹس جمنازیم میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے لئے کار پارکنگ راول پارک کے اوپن ایریا اور سیٹلائٹ ٹاون کالج میں کی جائے گی۔ پارکنگ ایریاز سے تماشائیوں کو شٹل سروس کے ذریعے کرکٹ گراونڈ کے داخلی راستہ تک پہنچایا جائے گا۔ میچ کے دوران سول ڈیفنس کی جانب سے بم ڈسپوزل سکواڈ سٹیڈیم میں موجودہوں گے۔