ٹرافی ہنٹنگ پر پابندی کی بات ہوئی تو 20 ہزار ہاتھی جرمنی بھیج دیں گے،بوٹسوانا

138
Mukwetsi Masisi, President of Botswana
Mukwetsi Masisi, President of Botswana

برلن ۔4اپریل (اے پی پی):جنوبی افریقی ملک بوٹسوانا نے جرمنی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ٹرافی ہنٹنگ پر پابندی کی بات کی تو 20 ہزار ہاتھی جرمنی بھیج دیں گے۔بی بی سی کے مطابق بوٹسوانا کے صدر موکویٹسی ماسیسی نے جرمن میڈیا کو ایک انٹرویو میں کہا کہ جرمنی کے اس اقدام سے ان کے ملک کے لوگ غریب ہو جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ ہاتھیوں کی تعداد تحفظ کی کوششوں کے نتیجے میں بہت زیادہ بڑھ گئی تھی مگر ان کے شکار کی وجہ سے ان کی حد سے زیادہ بڑھتی تعداد کو قابو میں لانے میں مدد ملی۔

انہوں نے کہا کہ جرمنوں کو جانوروں کے ساتھ مل کر رہنا چاہیے جس طرح سے آپ ہمیں بتانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ماسیسی نے کہا کہ ہم جرمنی کو ایسا ہی ایک بڑا تحفہ پیش کرنا چاہیں گے اور اس کے جواب میں انھیں جرمنی سے نہ نہیں سُننی۔بوٹسوانا اس سے قبل ہمسایہ ملک انگولا کو 8,000 ہاتھی دے چکا اور موزمبیق کو ان کی آبادی میں کمی کے بعد مزید سینکڑوں ہاتھیوں کی پیشکش کر چکا ہے۔

ادھر،بوٹسوانا کے جنگلی حیات کے وزیر ڈومیزوینی میتھیمکھولو نے گزشتہ ماہ 10,000 ہاتھیوں کو لندن کے ہائیڈ پارک میں بھیجنے کی دھمکی دی تھی تاکہ برطانوی لوگ ان کے ساتھ رہنے کا مزہ چکھ سکیں۔ واضح رہے کہ بوٹسوانا میں دنیا کی ہاتھیوں کی آبادی کا تقریباً ایک تہائی تقریبا 130,000 سے زیادہ ہاتھی موجود ہیں۔