مشترکہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے خریداری اورمالیاتی اتظام کے مضبوط نظام کی ضرورت ہے، سپیشل سیکرٹری وزارت اقتصادی امور حمیرکریم کا ورکشاپ سے خطاب

108
Islamic Development Bank
Islamic Development Bank

اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):سپیشل سیکرٹری وزارت اقتصادی امور حمیرکریم نے مشترکہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے خریداری اورمالیاتی اتظام کے مضبوط نظام کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہاہے کہ اس سے نہ صرف شفافیت کوفروغ ملے گابلکہ گورننس میں بھی بہتری آئیگی۔ انہوں نے یہ بات وزارت اقتصادی امور اور اسلامی ترقیاتی بینک کے باہمی اشتراک سے منعقدہ چار روزہ ورکشاپ کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

ورکشاپ میں پرکیورمنٹ اور مالیاتی انتظام پر خصوصی توجہ دی گئی، 27 مئی سے 30 مئی تک منعقد ہونے والے اس ایونٹ میں پاکستان میں مالیاتی انتظام اور خریداری کے عمل کی شفافیت، کارکردگی اوراثرپذیری کو بڑھانے کے لیے اہم شراکت داروں نے شرکت کی جن میں حکومتی وزارتوں اور محکموں کے نمائندوں سمیت ملک بھر کے بین الاقوامی شراکت داروں، عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں اور صوبائی محکموں کے نمائندے شامل تھے ،

شرکاء کو خریداری پالیسیوں، مالیاتی انتظام کی حکمت عملیوں، اور عوامی وسائل کے شفاف اور موثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے ضروری دیانتداری اقدامات کے بارے میں معلومات و تربیت فراہم کی گئی ، اسلامی ترقیاتی بینک اوردیگر ماہرین نے شرکاء کو پروکیورمنٹ کے حوالہ سے عالمی معیارات، طریقوں اورپاکستان کے ضمن میں منفرد چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے موزوں مشورے بھی دئیے ، خریداری اور مالیاتی انتظام کے عمل کوسمجھنے کیلئے ورکشاپ میں انٹرایکٹو سیشنز، کیس اسٹڈیز، اور عملی مشقیں شامل تھیں ، سیکرٹری اقتصادی امورڈاکٹر کاظم نیاز نے ورکشاپ کا افتتاح کیا اور محمد حمیر کریم، اسپیشل سیکریٹری اقتصادی امورنے اختتامی تقریب میں شرکت کی اور شرکا میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے ۔

انہوں نے ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پرمنتظمین کاشکریہ بھی اداکیا ۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، حمیر کریم نے مشترکہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے مضبوط پروکیورمنٹ اور مالیاتی انتظامی نظام کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ورکشاپ گورننس کو بہتر بنانے اور عوامی وسائل کو دیانتداری اور کارکردگی کے اعلی ترین معیارات کے ساتھ منظم کرنے کو یقینی بنانے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔انہوں نے اس ضمن میں اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون پرشکریہ بھی اداکیا ۔ ،

ڈائریکٹر انٹیگریٹی اینڈ ایتھکس ڈیپارٹمنٹ، اسلامک ترقیاتی بینکعزالدین نکیری نے ورکشاپ کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ترقی ونمو کو فروغ دینے میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعاون کا مقصد ایسے لچکدار اداروں کی تعمیر ہے جو وسائل کا موثر طریقے سے انتظام کر سکیں اور معاشی ترقی کو آگے بڑھا سکیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم مستقبل میں اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے منتظر ہیں ۔