عالمی بینک کی پاکستان کے لئے کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کی تیاری ، مشاورت کا عمل جاری

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):پاکستان کیلئے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کی تیاری کے حوالے سے عالمی بینک کے ماہرین کی مشاورت کا عمل جاری ہے۔ عالمی بینک کے مطابق فریم ورک 6سے لیکردس برسوں پرمحیط ہوگا اوراس کے تحت پاکستان میں کلیدی شعبوں میں سٹریٹجک معاونت کے حوالہ سے لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے بتایا کہ فریم ورک کی تیاری …

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):پاکستان کیلئے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کی تیاری کے حوالے سے عالمی بینک کے ماہرین کی مشاورت کا عمل جاری ہے۔ عالمی بینک کے مطابق فریم ورک 6سے لیکردس برسوں پرمحیط ہوگا اوراس کے تحت پاکستان میں کلیدی شعبوں میں سٹریٹجک معاونت کے حوالہ سے لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے بتایا کہ فریم ورک کی تیاری کیلئے عالمی بینک کے ماہرین پاکستان کے چاروں صوبوں کادورہ کررہے ہیں، عالمی بینک کے ماہرین صوبائی حکومتوں،سول سوسائٹی، ماہرین تعلیم، ڈونرز اورنجی شعبہ کے نمائندوں کے ساتھ مشاورت کاعمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس مشاورت کامقصد پاکستان کی معیشت اورترقی سے متعلق چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے شراکت داروں سے متنوع رائے لینا اوراس حوالہ سے لائحہ عمل مرتب کرنا ہے۔

عالمی بینک کی ٹیم نے ابھی تک خیبر پختونخوا ، بلوچستان اور سندھ میں صوبائی حکومت ، کابینہ کے ارکان ، اکیڈمیا، تھنک ٹینکس اور سول سوسائٹی کی تنظیمیں بشمول خواتین اور نوجوانوں کے گروپس سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ عالمی بینک کے مطابق بینک اپنے رکن ممالک کی ترقی پذیر ترجیحات کی عکاسی کرنے کے لیے اپنی حکمت عملی اور پروگرام کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کرتا ہے۔ فریم ورک کابنیادی مقصد ملک کی ترقی کے ایجنڈے کے مطابق عالمی بینک کی معاونت کو ہم آہنگ کرنا ہے۔ مشاورت کاعمل ملک گیر ہے اوراس دوران حکومت، اراکین پارلیمنٹ، نجی شعبہ، اکیڈمیا، تھنک ٹینکس اور سول سوسائٹی کی تنظیمیں بشمول خواتین اور نوجوانوں کے گروپ، بین الاقوامی مالیاتی ادارے اور سفارتی برادری اور میڈیا سے مشاورت کی جارہی ہے ۔نئے فریم ورک میں ملک کی کلیدی ترقیاتی ترجیحات کے ساتھ ساتھ ہیومن کیپیٹل ریویو، کنٹری اکنامک میمورنڈم، پاکستان کنٹری کلائمیٹ ڈیولپمنٹ رپورٹ، سسٹمیٹک کنٹری ڈائیگنوسٹک اور کنٹری پرائیویٹ سیکٹر ڈائیگنوسٹک جیسے امورکوشامل کیاگیاہے۔ جاری ماہ کے دوران مختلف گروپوں کے ساتھ گول میز کانفرنسز کی ایک سیریز منعقد کی جائے گی۔