پیرس۔6اگست (اے پی پی):فرانس اور سپین کی فٹ بال ٹیمیں پیرس اولمپکس گیمز میں مردوں کے فٹ بال ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں۔ میزبان فرانس کی ٹیم نے سیمی فائنل میچ میں مصر کی ٹیم کو شکست دی جبکہ سپین کی ٹیم نے سیمی فائنل میچ میں مراکش کو مات دے کر فائنل کےلئے کوالیفائی کیا۔
سیمی فائنلز کھیلے جانے کے بعد مینز فٹ بال ایونٹ کی دو فائنلسٹ ٹیموں کی نشاندہی ہوگئی ہے اور فرانس اور سپین کی فٹ بال ٹیموں کے درمیان طلائی تمغے کے لئے میچ 9اگست کو کھیلا جائے گا۔ اولمپکس کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہیں جس میں شائقین کو شاندار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔سٹیڈ ڈی مارسیلی، مارسیلی میں کھیلے گئے مینز فٹ بال ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں سپین اور مراکش کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں سپین کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد مراکش کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔
سٹیڈ ڈی لیون، ڈیسینس ،چارپیو کے مقام پر کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میچ میں میزبان فرانس کی مینز فٹ بال ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مصر کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں 3 گول سے ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ یادرہے کہ سپین اور فرانس کی ٹیموں کے درمیان طلائی تمغے کے لئے میچ 9 اگست کو کھیلا جائے گا۔