اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):آسٹریا کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اس نے ویانا کے آس پاس دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کے شبہ میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے اور اس کے پیش نظر معروف امریکی فنکارہ ٹیلر سوئفٹ کے تین شو منسوخ کر دیئے گئے ہیں ۔ڈوئچے ویلے کے مطابق آسٹریا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کنسرٹ کے مقام پر حملہ …
آسٹریا، دہشتگرد حملے کے خطرے پیش نظر گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے تین شو منسوخ،دو افراد گرفتار

مزید خبریں
اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):آسٹریا کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اس نے ویانا کے آس پاس دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کے شبہ میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے اور اس کے پیش نظر معروف امریکی فنکارہ ٹیلر سوئفٹ کے تین شو منسوخ کر دیئے گئے ہیں ۔ڈوئچے ویلے کے مطابق آسٹریا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کنسرٹ کے مقام پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کے شبہ میں دو افراد کی گرفتاری کے اعلان کے بعد، امریکی فنکارہ ٹیلر سوئفٹ کے رواں ہفتے کے اواخر میں دارالحکومت ویانا میں ہونے والے تین شوز کو منسوخ کر دیا گیا۔ٹیلر سوئفٹ کی پروموٹر کمپنی نے انسٹاگرام پر کہا کہ سرکاری حکام نے ارنسٹ ہیپل سٹیڈیم میں ایک دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی سے آگاہ ہونے کی تصدیق کی ہے ،
جس کے بعد ہمارے پاس سب کی حفاظت کے لیے تین طے شدہ شوز کو منسوخ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔کمپنی نے مزید کہا کہ وہ تمام افراد جنہوں نے کنسرٹ کے لیے ٹکٹ خریدا تھے، ان کے ٹکٹ کے پیسے واپس کر دیے جائیں گے۔واضح رہے کہ معروف امریکی فنکارہ ٹیلر سوئفٹ اس وقت "ایراز ٹور” کے حصے کے طور پر پورے یورپ میں پروگرام پیش کر رہی ہیں۔ اسی ایراز ٹور کے حصے کے طور پر انہیں جمعرات، جمعہ اور ہفتے کے روز ویانا میں بھی شو کرنا تھا۔آسٹریا کے چانسلر کارل نیہمر نے کنسرٹس کی منسوخی کو سوئفٹ کے مداحوں کے لیے ایک "تلخ مایوسی”قرار دیا، تاہم انہوں نے کہا کہ ویانا میں دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کا علم ہونے پر صورتحال بظاہر بہت سنگین تھی۔
انہوں نے سوشل میڈیا ایکس پر سکیورٹی سروسز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ خطرے کی جلد ہی نشاندہی کر لی گئی، تدابیر کی گئیں اور ایک سانحے کو ہونے سے روک دیا گیا۔آسٹریا کی وزارت داخلہ میں پبلک سکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرل فرانز روف نے صحافیوں کو بتایا کہ آسٹریا کے سب سے بڑے فٹ بال اسٹیڈیم میں ہونے والے ٹیلر سوئفٹ کے پروگرام مرکزی مشتبہ افراد کے ممکنہ اہداف میں شامل تھے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے مرکزی مشتبہ شخص کے اپارٹمنٹ سے کیمیائی مادہ ضبط کیا اور دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر قریبی گھروں اور نرسنگ ہوم کے کچھ حصے کو پہلے ہی محفوظ کر دیا گیا تھا۔
دونوں مشتبہ افراد انتہا پسندی کی طرف آن لائن مائل ہوئے اور انہوں نے حملوں کی تیاری کے لیے ٹھوس اقدامات کیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک نوجوان نے، تو خود ساختہ اسلامک سٹیٹ دہشت گرد گروپ سے وفاداری کا عہد بھی کیا تھا۔ 19 سالہ نوجوان آسٹریائی شہری کو بدھ کی صبح لوئر آسٹریا کے صوبے ٹرنیٹز سے گرفتار کیا گیا۔ اور اس کے بعد دوپہر کے وقت دوسری گرفتاری دارالحکومت ویانا میں ہوئی۔ تاہم دوسرے مشتبہ شخص کے بارے میں پولیس نے عمر یا اس کی جنس کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔آسٹریا کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی وارننگ کی سطح بلند ہے اور اس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔








