کھیلوں کا سب سے بڑا میلہ پیرس اولمپکس رنگارنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر

پیرس۔12اگست (اے پی پی):فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والے اولمپکس مقابلے امریکا کی برتری کے ساتھاتوار کی رات اولمپک سٹیڈیم میں منعقد ہونے والی رنگارنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئے ،کھیلوں کے سب سے بڑے میلے پیرس اولمپکس کی شاندار اختتامی تقریب فرانس کے 81,330 سے ​​زیادہ نشستوں کی گنجائش والے سٹیڈ ڈی فرانس سٹیڈیم میں منعقد کی گئی۔ 17 دن جاری رہنے والے پیرس اولمپکس میں …

پیرس۔12اگست (اے پی پی):فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والے اولمپکس مقابلے امریکا کی برتری کے ساتھاتوار کی رات اولمپک سٹیڈیم میں منعقد ہونے والی رنگارنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئے ،کھیلوں کے سب سے بڑے میلے پیرس اولمپکس کی شاندار اختتامی تقریب فرانس کے 81,330 سے ​​زیادہ نشستوں کی گنجائش والے سٹیڈ ڈی فرانس سٹیڈیم میں منعقد کی گئی۔
17 دن جاری رہنے والے پیرس اولمپکس میں میڈل ٹیبل پر امریکا نے 40 گولڈ، 44 سلور اور 42 برانز میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ اس کے مجموعی تمغوں کی تعداد 126 رہی۔ چین 40 سونے، 27 چاندی اور 24 کانسی کے تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، اس کے مجموعی تمغوں کی تعداد 91 رہی۔ جاپان نے 20 گولڈ، 12 سلور اور 13 برانز میڈلز جیتے، اس طرح اس نے مجموعی طور پر 45 میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ آسٹریلیا نے 18 گولڈ، 19 سلور اور 16 برانز میڈلز کے ساتھ چوتھی،میزبان فرانس نے 16 گولڈ، 26 سلور اور 22 برانز میڈلز کے ساتھ پانچویں ،نیدرلینڈز نے 15 گولڈ، 7 سلور اور 12 برانز میڈلز کے ساتھ چھٹی ،برطانیہ نے 14 گولڈ، 22 سلور اور 29 برانز میڈلز کے ساتھ ساتویں،جنوبی کوریا نے 13 گولڈ، 9 سلور اور 10 برانز میڈلز کے ساتھ آٹھویں،اٹلی نے 12 گولڈ، 13 سلور اور 15 برانز میڈلز کے ساتھ نویں جبکہ جرمنی نے 12 گولڈ، 13 سلور اور 8 برانز میڈلز کے ساتھ دسویں پوزیشن حاصل کی۔

پاکستان ایک گولڈ میڈل کے ساتھ میڈل ٹیبل پر 62 ویں نمبر پر رہا۔اولمپک سٹیڈیم میں سجائی گئی شاندار اختتامی تقریب میں سینکڑوں فنکاروں نے دلکش پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور ان کی اہلیہ بھی اختتامی تقریب میں شریک ہوئے۔سٹیڈ ڈی فرانس میں ہونے والی رنگا رنگ تقریب میں مختلف ممالک کے ایتھلیٹس اپنے ملک کا پرچم تھامے شریک ہوئے، مارچ پاسٹ کیا، اس کے بعد فنکاروں نے خوب رنگ جمایا۔

اولمپکس مقابلوں کے انعقاد کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے 45 ہزار رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اس کے بعد میوزک کی جھنکار ہوئی، جس سے سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کے ساتھ ایتھلیٹس بھی خوب محظوظ ہوئے۔پیرس میں اولمپک گیمز 2024کی اختتامی تقریب کے دوران ہالی ووڈ سٹار ٹام کروز اولمپک گیمز کا جھنڈا اٹھانے کے لیے سٹیڈ ڈی فرانس سٹیڈیم کی چھت سے نیچے اترے۔ 62 سالہ اداکار نے ایک سٹنٹ کیا اور پھر جھنڈا امریکہ لے جانے کے لیے فرش پر رسی پر اترے ۔اختتامی تقریب میں سامعین کو راک بینڈ ریڈ ہاٹ چلی پیپرز، پاپ گلوکار بلی ایلش اور ریپ گلوکار سنوپ ڈاگ کی طرف سے فراہم کردہ ویڈیوز سے بھی نوازا گیا۔بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی ) نے 15 روسی کھلاڑیوں کی ٹیم کو 2024 کے سمر اولمپکس میں غیرجانبدار کے طور پر حصہ لینے کی اجازت دی۔

روسی ٹیم کی لائن اپ میں ٹینس کھلاڑی ڈینیل مدویدیف، پاول کوٹوف، رومن سیفیولن، یکاترینا الیگزینڈروا، میرا اینڈریوا، ڈیانا شنائیڈر، ییلینا ویسنینا شامل تھے۔ کینوسٹ زخار پیٹروف، الیکسی کورواشکوف، اولیسیا روماسنکو؛ تیراک یوگینی سوموف؛ سائیکل سوار تمارا ڈرونووا، الیونا ایوانچینکو، گلیب سیرتسا؛ اور انزیلا بلادسیوا، جو ٹرامپولین ایونٹ میں حصہ لیا۔سٹیج پر پیرس اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر ٹونی سٹیگوئٹ اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس بیخ چھ نمایاں ایتھلیٹس کے ساتھ سٹیج پر آئے۔

اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر ٹونی سٹیگوئٹ نے اپنے خطاب میں ایتھلیٹس اور تھامس بیخ نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور گیمز کے اختتام کا اعلان کیا ۔تھامس بیخ نے 2028 اولمپکس کے میزبان لاس اینجلس کی میئر کو اولمپک فلیگ دیا جس کے بعد منفرد انداز میں ہالی و ڈ اداکار ٹام کروز کی سٹیڈیم میں انٹری ہوئی اور وہ اولمپکس فلیگ کے ساتھ روانہ ہوگئے۔آخر میں تھامس بیخ کے پیرس اولمپکس کے باقاعدہ اختتام کے اعلان کے ساتھ اولمپک فلیم کو بجھا دیا گیا اور دلکش آتش بازی کے ساتھ تقریب بھی ختم ہوئی۔