بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی ٹکٹوں کی تفصیلات کا اعلان،13 اگست سے آن لائن ٹکٹس کی فروخت کا آغاز ہوگا

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے ٹکٹ 13 اگست سے PCB.tcs.com.pk پر شام پانچ بجے آن لائن فروخت ہوں گے۔ اس کے علاوہ شائقین کی سہولت کے لیے فزیکل ٹکٹ 16 اگست سے صبح 9 بجے کے بعد مختلف آؤٹ لیٹس پر دستیاب ہوں گے ۔یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے ۔ پہلا ٹیسٹ …

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے ٹکٹ 13 اگست سے PCB.tcs.com.pk پر شام پانچ بجے آن لائن فروخت ہوں گے۔ اس کے علاوہ شائقین کی سہولت کے لیے فزیکل ٹکٹ 16 اگست سے صبح 9 بجے کے بعد مختلف آؤٹ لیٹس پر دستیاب ہوں گے ۔یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے ۔ پہلا ٹیسٹ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے 3 ستمبر تک کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیسٹ میچوں کے ٹکٹس سستے ریٹ پر رکھے گئے ہیں۔ کم از کم قیمت پچاس روپے (کراچی میں جنرل انکلوژر/ وسیم باری انکلوژر) سے شروع ہے اور کراچی میں ڈھائی لاکھ روپے ( مکمل ہاسپٹلٹی باکس ) تک ہے۔اس کے علاوہ میچ کے مقامات کے باہر باکس آفسز دونوں سٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ سے دو دن پہلے کام کریں گے۔

شائقین کی سہولت کے لیے ایک سیزنل پاس متعارف کرایا گیا ہے۔ اگر وہ ٹیسٹ میچ کے لیے پانچ دن کا پاس خریدتے ہیں تو انھیں 15 فیصد رعایت دی جائے گی۔ پانچ روزہ میچ کے جلد ختم ہونے کی صورت میں باقی دنوں کے ٹکٹ کے پیسے شائقین کو واپس کر دیئے جائیں گے۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریمیم انکلوژرز ( میراں بخش، سہیل تنویر اور یاسر عرفات) کے ٹکٹ شائقین کے لئے 200 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ وی آئی پی انکلوژرز (عمران خان اور جاوید میانداد) 500 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ ویک اینڈ پر یہ 600 روپے میں دستیاب ہونگے۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں گیلری پاس جس میں دوپہر کا کھانا اور چائے شامل ہے 2800 روپے میں دستیاب ہوگا جبکہ پلاٹینم باکس جس میں لنچ اور چائے بھی شامل ہے 12500 روپے میں دستیاب ہوگا۔

شائقین 2 لاکھ روپے میں مکمل ہاسپٹلٹی باکس حاصل کر سکتے ہیں۔کراچی میں فرسٹ کلاس انکلوژرز ( آصف اقبال، ماجد خان، وقار حسن اور ظہیر عباس) 100 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ شائقین کو پریمیم انکلوژرز (عمران خان، قائد اور وسیم اکرم ) کے لیے 200 روپے ادا کرنے ہوں گے جبکہ وی آئی پی انکلوژرز (فضل محمود، حنیف محمد اور جاوید میانداد) 400 روپے اور ویک اینڈ میں 500 روپےمیں دستیاب ہوں گے۔ کراچی میں ہر ہاسپیٹلٹی باکس سیٹ (بشمول لنچ اور چائے) کی قیمت 12,500 روپے ہوگی جبکہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پلاٹینم کا شیئرڈ باکس اسی قیمت پر دستیاب ہوگا۔