لندن۔16اگست (اے پی پی):انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ کے 33 ویں سیزن کا آغازکل(ہفتہ )سے ہوگا ۔یہ مجموعی طور پر ٹاپ فلائٹ انگلش فٹ بال کا 126واں ایڈیشن ہوگاجس کے شیڈول کا اعلان 18 جون 2024 کو کیا گیا تھا۔ای پی ایل کے ابتدائی روز 7 میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ مانچسٹر سٹی کی ٹیم ای پی ایل میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی،یہ ٹیم گزشتہ ایڈیشن کو جیتنے کے بعد انگلش ٹاپ فلائٹ کی تاریخ میں مسلسل چار مرتبہ جیتنے والی پہلی مردوں کی فٹ بال ٹیم بن گئی تھی۔20 ٹیمیں ٹائٹل کے حصو ل کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔
گزشتہ سیزن کی ٹاپ 17ٹیمیں اور چیمپئن شپ کی درجہ بندی میں ترقی پانےوالی تین ٹیمیں لیسٹر سٹی، ایپسوچ ٹاؤن اور ساؤتھمپٹن ہیں جو لیگ میں جگہ پکی کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ لیسٹر سٹی اور ساؤتھمپٹن کی ایک سال کی غیر حاضری کے بعد لیگ میں واپسی ہوئی جبکہ ایپسوچ ٹاؤن 22 سال کی غیر حاضری کے بعد لیگ میں داخل ہوسکی ، تینوں ٹیموں کو لوٹن ٹاؤن، برنلے اور شیفیلڈ یونائیٹڈ کی جگہ لیگ میں شامل کیا گیا ہے ۔ انگلش پریمیئر لیگ کے آئندہ سیزن میں شامل 20 کلبوں کی ٹیموں میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی ،بورن ماؤتھ،آرسنل ،آسٹن ولا ،برینٹ فورڈ،برائٹن،چیلسی،کرسٹل پیلس،ایورٹن،فلہم،ایپسوچ ٹائون،لیسٹرسٹی ،لیورپول،مانچسٹر یونائیٹڈ ،نیو کیسل ،ناٹنگھم فارسٹ ،ساؤتھمپٹن،ٹوٹنہم ہاٹ پور،ویسٹ ہیم اوروولور ہیمپٹن شامل ہیں۔