
اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے گوادر پورٹ سے پبلک سیکٹر کی درآمدات پر کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ بدھ کو وزارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ اور سینئر حکام بشمول تجارت، پٹرولیم، میری ٹائم اور فنانس کے وفاقی سیکریٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس میں گوادر پورٹ کے ذریعے پبلک سیکٹر کی درآمدات کو بڑھانے کے لیے نئی حکمت عملی اپنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیر تجارت نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے تشکیل دی گئی کمیٹی نے مکمل غور و خوض کیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ اجلاس میں نجی شعبے بالخصوص شپنگ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔ کمیٹی مزید کارروائی کے لیے اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔