سعودی عرب،ڈرون تکنیک کے استعمال سے نیچر ریزرو میں کاربن اخراج میں 66 فیصد کمی

ریاض۔30ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے دوسرے بڑے شاہی ریزرو امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچر ریزرو میں ڈرون کے استعمال کے نتیجے میں کاربن کے اخراج میں 66 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق نیچر ریزرو ترقیاتی اتھارٹی نے گزشتہ روز رپورٹ میں بتایا ہے کہ اس تکنیک سے پودوں کی نشو و نما میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جو 2018 میں 1.4 فیصد سے …

ریاض۔30ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے دوسرے بڑے شاہی ریزرو امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچر ریزرو میں ڈرون کے استعمال کے نتیجے میں کاربن کے اخراج میں 66 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق نیچر ریزرو ترقیاتی اتھارٹی نے گزشتہ روز رپورٹ میں بتایا ہے کہ اس تکنیک سے پودوں کی نشو و نما میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جو 2018 میں 1.4 فیصد سے بڑھ کر 8.5 فیصد ہو گیا۔ امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچر ریزرو 91,500 مربع کلومیٹر پر محیط مملکت کا دوسرا بڑا شاہی ریزرو ہے، جہاں جنگلی حیات کی 138 اور پودوں کی 179 منفرد اور خاص اقسام پائی جاتی ہیں۔

امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچر ریزرو اپنی بھرپور ماحولیات، شاندار مناظر اور ورثے کے لیے جانا جاتا ہے۔ ریزرو میں ماحولیاتی تحفظ اور نگرانی کے منصوبے کے لیے ابتدائی طور پر 40 ڈرونز استعمال کئے جا رہے ہیں جن کی مدد سے درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے علاوہ دیگر سرگرمیوں کی بھرپور نگرانی ہو رہی ہے۔ ڈرونز کے استعمال سے ماحولیاتی تحفظ کے لیے تعینات ٹیموں کی رہنمائی میں خاصی بہتری آئی ہے اس سے ماحولیاتی مبصرین اور رینجرز کو تربیت دینے میں بھی مدد ملی ہے۔ امام ترکی رائل ریزور اتھارٹی کے مطابق کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور فوسل فیول سے چلنے والی گاڑیوں کا مرحلہ وار خاتمہ کرکے متبادل کے طور پر ڈرون سہولیات حاصل کی جا رہی ہیں۔

سعودی گرین انیشی ایٹو کے مقاصد کی حمایت کے لیے جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال سے ماحولیاتی تحفظ کو بہتر بنانے اور ناہموار خطوں تک رسائی کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔ اس اقدام کے تحت ریزرو کے اندر وسیع علاقے میں مختلف درختوں کی پیداوار کے لیے بیج گرانے کی سہولت بھی حاصل کی جاتی ہے۔

 

مزید خبریں