آئی سی سی آئی کے نو منتخب عہدیداران نے حلف اٹھا لیا

104
ICCI
ICCI

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے نو منتخب عہدیداران اور ایگزیکٹو ممبران نے 40 ویں سالانہ اجلاس عام کے دوران حلف اٹھایا۔ ناصر منصور قریشی نے صدر، عبدالرحمان صدیقی نے سینئر نائب صدر اور ناصر محمود چوہدری نے نائب صدر کے عہدے کا 2024-26 کے لیے حلف اٹھایا۔ ان سے حلف فائونڈر گروپ کے چیئرمین خالد اقبال ملک نے لیا جبکہ آئی سی سی آئی کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیئے۔

تقریب میں آئی سی سی آئی کے ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں نومنتخب صدر ناصر منصور قریشی نے تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے اور ان کے کاروبار کی ترقی میں سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے فائونڈر گروپ اور آئی سی سی آئی کے اراکین کی جانب سے ان پر کیے گئے اعتماد کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی توقعات پر پورا اترنے کا عہد کیا۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والی ٹیم کی کامیابیوں کی بھی تعریف کی اور چیمبر کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے انہیں اکثریتی ووٹ سے منتخب کرنے پر فائونڈر گروپ اور آئی سی سی آئی کے اراکین کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا ۔سبکدوش ہونے والے صدر احسن ظفر بختاوری نے نئے عہدیداروں کو مبارکباد دی اور تاجر برادری کے مفادات کو مزید فروغ دینے کی ان کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے دور میں اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور امید ظاہر کی کہ ان کے جانشین کاروباری برادری کی حمایت میں آئی سی سی آئی کے کردار کو مزید مستحکم کرتے رہیں گے۔

فائونڈر گروپ کے چیئرمین خالد اقبال ملک نے بھی نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والی ٹیم کی کامیابیوں کا اعتراف کیا اور آئی سی سی آئی ممبران کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے فائونڈر گروپ کے امیدواروں کو اکثریتی ووٹ سے منتخب کیا۔