ریاض ۔2اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب کی لیبر مارکیٹ میں مقامی خواتین کارکنوں کی تعداد وژن 2030 کے ہدف سے تجاوز کرگئی ۔اردو نیوز کے مطابق رواںسال کی دوسری سہ ماہی میں کارکن خواتین کا تناسب 35.4 فیصد تک پہنچ گیا جو 2016 کی تیسری سہ ماہی میں 19.3 فیصد تھا۔ سعودی وژن 2030 کے مطابق مارکیٹ میں سعودی خواتین کی تعداد میں 30 فیصد تک اضافہ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جس کا مقصد معاشی امور میں زیادہ سے زیادہ خواتین کو شامل کرنا ہے۔
مختلف شعبے جن میں اس سے قبل سعودی خواتین کو شریک نہیں کیا جاتا تھا ان کے لیے بھی خواتین کو عملی تربیت فراہم کی گئی جس کے بعد وہ شعبے جو پہلے صرف مردوں کےلیے ہی مخصوص سمجھے جاتے تھے ان میں اب خواتین بھی بہتر طورپر خدمات انجام دے رہی ہیں۔یاد رہے کہ نجی سیکٹر میں سعودی کارکنوں کی تعداد 23 لاکھ سے زیادہ ہے جن میں 13 لاکھ 86 ہزار سے زیادہ مرد جبکہ 9 لاکھ 71 ہزار سے زیادہ خواتین کارکن شامل ہیں۔مملکت کے نجی شعبے میں موجود رجسٹرڈ غیرملکی کارکنوں کی مجموعی تعداد 9012569 ہے۔