بیڈ منٹن کے ضلعی مقابلوں میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر نے میدان مار لیا

153

بھکر۔ 01 نومبر (اے پی پی):بیڈ منٹن کے ضلعی مقابلوں میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر نے میدان مار لیا۔ تیسرے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب سپورٹس مقابلہ جات انٹرمیڈیٹ لیول کے ضلعی بیڈمنٹن مقابلہ جات میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج آف کامرس دریا خان کو فائنل میں بآسانی 2-0 سے شکست دے کر یہ مقابلہ جیت لیا۔

بیڈمنٹن مقابلہ جات کی میزبانی گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر نے کی اور تمام مقابلہ جات بیڈمنٹن انچارج پروفیسر محمد جاوید امجد تلوکر کی زیر نگرانی منعقد ہوئے۔ فائنل کے سنگل ایونٹ میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر کے فرسٹ ایئر کے طالب علم محمد شاہزیب نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج آف کامرس دریا خان کے طالب علم مدثر اسلم کو بآسانی 21-9 سے شکست دی جبکہ ڈبل کے ایونٹ میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر کے زین علی اور محمد شاہزیب نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج آف کامرس دریا خان کو بآسانی 21-8 سے شکست دے کر مقابلہ 2-0 سے اپنے نام کر لیا۔

اس کامیابی پر پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالح بھکر پروفیسر نعیم الحق چودھری نے فاتح کھلاڑیوں اور انچارج ٹیم پروفیسر محمد جاوید امجد تلوکر کو مبارکباد پیش کی ہے اور ان کے مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔