گنے کی ہربی سائیڈ اور بیماریوں کیخلاف قوت مدافعت رکھنے والی نئی اقسام سے پیداوار میں اضافہ یقینی بنایا جاسکے گا،ڈاکٹر محمد سرور

111
sugar cane

فیصل آباد۔ 25 نومبر (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمدسرورخاں نے کہا کہ دور حاضر کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے مربوط تحقیقی نظام کو فروغ دینا ناگزیر ہے تاکہ زرعی مشکلات کا سامنا سائنسی بنیادوں پر کرتے ہوئے تحقیقات کو کاشتکاروں کی دسترس تک پہنچا کر زرعی ترقی کا سنہری باب مرتب کیا جاسکے۔

ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں کاشتکاروں کے مسائل کے حل پر مبنی تحقیقات عمل میں لائی جارہی ہیں جو کہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کی معاشی حالت میں بھی بہتری لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ملک کو پانی کی کمی، زمین کی زرخیزی و دیگر مسائل کا سامنا ہے جس پر قابو پانے کیلئے جدید زرعی ٹیکنالوجی کو اپنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ ان کی تیار کردہ گنے کی ہربی سائیڈ اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی نئی اقسام سے پیداوار میں اضافہ یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے تمام کوششیں کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہوم گارڈننگ کو رواج دینے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جار ہے ہیں جبکہ یونیورسٹی کے ماہرین، افراد بالخصوص طلبہ اور خواتین میں ہوم گارڈننگ کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد تسلسل کے ساتھ کر رہے ہیں تاکہ ہوم گارڈننگ کو گھر گھر پہنچا کر غذائیت کی کمی کے مسائل پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔پروفیسر ڈاکٹر قمر بلال نے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کی استعداد کار کو بڑھا کر زرعی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے جس کیلئے یونیورسٹی آؤٹ ریچ پروگرام میں وسعت لے کر آئی ہے۔