ای سی سی کی سوئی نادرن کے گیس نیٹ ورک سے منسلک یوریا تیار کرنے والے کارخانوں کو 30 جون تک گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی اجازت
ای سی سی کی سوئی نادرن کے گیس نیٹ ورک سے منسلک یوریا تیار کرنے والے کارخانوں کو 30 جون تک گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی اجازت

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے سوئی نادرن کے گیس نیٹ ورک سے منسلک یوریا تیار کرنے والے کارخانوں فاطمہ فرٹیلائزر اور ایگری ٹیک کو 30 جون 2026ء تک گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی اجازت دے دی، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مختلف وزارتوں اورڈویژنز کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منگل کویہاں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت داخلہ و انسداد منشیات کی جانب سے پیش کردہ سمری پر نادرا-ٹی ڈی پی-ای آر پی/کے پی-سی سی ایس ڈی پی منصوبے کے لیے 2 ارب 19 کروڑ 28 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی اجازت دے دی۔ یہ فنڈز عالمی بینک کے تعاون سے جاری خیبرپختونخوا سٹیزن سینٹرڈ سروس ڈلیوری پراجیکٹ کے تحت منصوبے کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ کمیٹی نے وزارت داخلہ و انسداد منشیات کی سمری پر ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے لیے 5 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی بھی منظوری دی، یہ رقم پاسپورٹ بک لیٹس کی چھپائی سے متعلق واجبات کی ادائیگی اور پاسپورٹ خدمات کے بلا تعطل تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے مختص کی گئی ہے۔
اجلاس میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت وزارت داخلہ کے تین ترقیاتی منصوبوں کے لیے 2 ارب 12 کروڑ 42 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کے ذریعے فنڈز کی ازسر نو ترتیب کی بھی منظوری دی گئی۔ ان منصوبوں میں اسلام آباد کے سیکٹر H-16 میں ماڈل جیل کی تعمیر، نیشنل پولیس ہسپتال منصوبہ اور فارن نیشنل سکیورٹی سیل ڈیش بورڈ و متعلقہ سہولیات کے منصوبے شامل ہیں۔کمیٹی نے وزارت داخلہ و انسداد منشیات کی جانب سے انسداد منشیات فورس کے لیے 24 کروڑ 5 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی۔ یہ رقم ہیلی کاپٹروں کی مرمت اور آپریشنل ضروریات کو پورا کرنے کے لیے فراہم کی جائے گی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے پیش کردہ سمری کی منظوری دیتے ہوئے ایس این جی پی ایل کے گیس نیٹ ورک سے منسلک یوریا تیار کرنے والے کارخانوں، فاطمہ فرٹیلائزر اور ایگری ٹیک کو 30 جون 2026ء تک گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔ ان کارخانوں کی مسلسل فعالیت کھاد کی دستیابی کو یقینی بنانے اور ملکی یوریا مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسراحسن اقبال سمیت مختلف وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے وفاقی سیکرٹریز اور سینئر حکام نے شرکت کی۔







