حکومت پنجاب100 ارب روپے کی لاگت سے’’جنریشن پنجاب‘‘کے نام سے منصوبہ شروع کرنے جا رہی ہے، مجتبی ٰشجاع الرحمن
حکومت پنجاب100 ارب روپے کی لاگت سے’’جنریشن پنجاب‘‘کے نام سے منصوبہ شروع کرنے جا رہی ہے، مجتبی ٰشجاع الرحمن

مزید خبریں
لاہور۔16جون (اے پی پی):پنجاب کے وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن ٰنے کہا ہے کہ صوبائی بجٹ میں نوجوانوں، سپورٹس اور یوتھ امپاورمنٹ کو خصوصی اہمیت دی گئی ہےکیونکہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی ٰپنجاب مریم نواز شریف نے مالی سال2026-27 کو یوتھ ایئر قرار دیا ہے تاکہ نوجوانوں کی ترقی کیلئے ایک جامع اور منظم حکمتِ عملی کے تحت اقدامات کئے جا سکیں۔
وزیر خزانہ کے مطابق اس مقصد کیلئے حکومت پنجاب100 ارب روپے کی خطیر لاگت سے جنریشن پنجاب کے نام سے ایک بڑا اور تاریخی منصوبہ شروع کرنے جا رہی ہے۔اس پروگرام کا بنیادی ہدف نوجوانوں کو بااختیار بنانا،ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں روزگار،کاروبار اور جدید مہارتوں کے وسیع مواقع فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اپنی نوعیت کا منفرد اور نوجوانوں کے لیے پہلا جامع پیکج ہوگا جس کے تحت مختلف شعبوں میں عملی منصوبوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔مجتبیٰ شجاع الرحمنٰ نے بجٹ تقریر کے دوران کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا سفر اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا جب تک نوجوانوں کو معیاری تعلیم،ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم نہ کئے جائیں۔ حکومت اسی وژن کے تحت نوجوانوں کی ترقی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کئے ہوئے ہے۔انہوں نے ایوان کو بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران کھیلوں اور نوجوانوں کے امور کے شعبے میں نمایاں اقدامات کئے گئے ہیں۔اس دوران9 ارب53 کروڑ روپے کی لاگت سے42 پرانی کھیلوں کی تنصیبات کی بحالی اور اپ گریڈیشن مکمل کی گئی۔
اسی طرح کھیلتا پنجاب پروگرام کے تحت25 جدید کثیر المقاصد کھیلوں کی سہولیات قائم کی گئیں جبکہ چکوال اور بہاولپور میں دو ایتھلیٹک ٹریکس بھی تعمیر کئے گئے۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کیلئے کھیلوں کے فروغ اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے6 ارب60 کروڑ روپے کی مزید اسکیمیں تجویز کی گئی ہیں، تاکہ صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جا سکے۔ثقافتی شعبے کے حوالے سے مجتبیٰ شجاع الرحمنٰ نے کہا کہ ثقافت کسی بھی قوم کی شناخت،تاریخ اور روایات کی عکاس ہوتی ہے،اسی لیے حکومت پنجاب اس شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال میں فنکاروں کی مالی امداد میں100 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال میں ثقافتی شعبے میں متعدد اہم منصوبے متعارف کروائے جائیں گے جن میں الحمرا انسٹیٹیوٹ آف پرفارمنگ اینڈ ویژول آرٹس، الحمرا آرٹس اکیڈمی،PILAC کی سہولیات کی بہتری اور تھیٹر ریویول پروگرام شامل ہیں۔وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ پنجاب فلم سٹی اتھارٹی ایکٹ کے تحت150 ایکڑ پر55 ارب روپے کی لاگت سے جدید فلم سٹی قائم کی جا رہی ہے،جہاں سٹوڈیوز، سائونڈ اسٹیجز، وی ایف ایکس اور پوسٹ پراڈکشن لیبارٹریز سمیت عالمی معیار کی سہولیات فراہم ہوں گی۔اس کے ساتھ پاکستان کا پہلا فلم اسکول بھی قائم کیا جا رہا ہے،جس سے نہ صرف فلم انڈسٹری کی بحالی میں مدد ملے گی بلکہ ملک کے مثبت تشخص، ثقافتی فروغ اور سیاحت کے شعبے کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔







