پاکستان سٹاک ایکسچینج نے ایک لاکھ پوائنٹس کاتاریخی سنگ میل کامیابی سے عبورکرلیا، تاجروں اورسرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپورخیرمقدم، اقتصادی اصلاحات اورپالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت پرزور

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو تیزی کارحجان رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس نے ایک لاکھ پوائنٹس کاتاریخی سنگ میل کامیابی سے عبورکرلیا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 813.52 پوائنٹس کے اضافہ کے بعد100082.77 پوائنٹس پر بند ہواجونیاریکارڈ اور ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتمادکے مظہرہے دوسری جانب سرمایہ کاروں نے سٹاک ایکسچینج میں تاریخی نموکوخوش آئند قراردیتے ہوئے پالیسیوں کے تسلسل اور …

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو تیزی کارحجان رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس نے ایک لاکھ پوائنٹس کاتاریخی سنگ میل کامیابی سے عبورکرلیا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 813.52 پوائنٹس کے اضافہ کے بعد100082.77 پوائنٹس پر بند ہواجونیاریکارڈ اور ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتمادکے مظہرہے دوسری جانب سرمایہ کاروں نے سٹاک ایکسچینج میں تاریخی نموکوخوش آئند قراردیتے ہوئے پالیسیوں کے تسلسل اور معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زوردیاہے۔

گزشتہ روز مجموعی طورپر450کمپنیوں کے حصص کالین دین ہوا،289کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،117کی قیمتوں میں کمی اور 44کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کو ئی ردوبدل نہیں ہوا۔مجموعی طورپر1164.79ملین حصص کالین دین ہواجن کی مالیت 39.77ارب روپے تھی، کے ایس ای 30 انڈیکس 160.90 پوائنٹس کے اضافہ کے بعد31193.28 پوائنٹس اور اسلامی مالیات کاحامل کے ایم آئی 30 انڈیکس 2437.74 پوائنٹس کے اضافہ کے بعد147220.79 پوائنٹس پر بند ہوا۔فیوچرٹریڈنگ کے تحت 18.78ارب روپے کالین دین ہوا۔گزشتہ روزبینک آف پنجاب کے 179225089حصص، کے الیکٹرک 64868271حصص اور بینک مکارمہ لمیٹڈ کے 60297878 حصص کالین دین ہوا۔مارکیٹ کیپٹلائزیشن کاحجم بڑھ کر45.7ارب ڈالرتک پہنچ گیا۔

اقتصادی ماہرین اور کاروباری برادری نے سٹاک ایکسچینج میں تاریخی نمووتیزیکوملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتمادکامظہرقراردیاہے۔سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور سابق چیئرمین ماربل اینڈ گرینائیٹ ایسوسی ایشن شکیل منیر نے اے پی پی سے گفتگو کے دوران سٹاک ایکسچینج تاریخی تیزیپر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کاروبارکی بہتری کے حوالہ سے یہ ابھی آغازہے،حکومت جن انتھک کو ششوں سے ملکی بہتری کیلئے کام کر رہی ہے اسکے ثمرات سٹاک ایکسچینج میں ایک لاکھ انڈیکس کی حد کو عبور کرنے کی صورت میں نظر آ رہے ہیں یہ سرمایہ کاروں کا اعتماد ہے اور اس میں مزید بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ بعض شر پسند گروہ پاکستان کو ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتے اسی لیے آئے روز اسلام آباد پر لشکر کشی کے ذریعے کاروبار اور روزمرہ نظام زندگی کو مفلوج کرنے کی خاطر چڑھ دوڑتے ہیں۔راجسن اینڈ کو کے چیئرمین عمر منہاس نے بتایا کہ سٹاک ایکسچینج میں تیزی اس بات کی غمازی ہے کہ سرمایہ کار پاکستان اور حکومت پر اپنے اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اس سے نہ صرف کاروبار بلکہ معیشیت پر بھی مثبت اثرات پڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ کٹلری کی صنعت پر بھی اس کے اثرات نظر آ رہے ہیں اور کٹلری کی صنعت جو کہ زبوں حالی کی جانب گامزن تھی بہت جلد بہتری کی طرف جائے گی۔ منہاس پائپ اینڈ فٹنگز کے سی ای اوخلیق احمد منہاس نے اسٹاک ایکسچینج میں انڈیکس کی ایک لاکھ پوائنٹس کی حد کو پار کرنے کو خوش آئند قدم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ آج سٹاک مارکیٹ میں ایک لاکھ پوئنٹس کا اِضافہ حکومت کی بہترین حکمتِ عملی اور سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی رفتار سے ملک بہتری کی جانب گامزن رہا تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا نام دنیا کے صف اول کے ممالک میں شامل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ شرپسندوں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی اسی لیے آئے روز ایک ٹولہ اس ترقی میں رخنے ڈالنے کی کو شش کرتا ہے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر منصور قریشی نے بتایاکہ انڈیکس کے ایک لاکھ پوائنٹس کو عبورکرنے سے نئی تاریخ رقم ہوگئی ہے انہوں نے نے کہاکہ اب حکومت کی جانب سے ملک کی مالیاتی بہبود کو یقینی بنانے والی معاشی پالیسیوں کو مسلسل نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے سیاسی استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ مل کر کام کریں اور اس استحکام کو حاصل کرنے کے طریقوں پر اتفاق رائے پیدا کریں، جو کہ اقتصادی خوشحالی کے لیے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تاریخی نموملکی معیشت اور حکومتی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کے مضبوط اعتماد کا ثبوت ہے، اس سے مثبت معاشی رجحانات کی بھی عکاسی ہورہی ہے۔