حکومت ،اپوزیشن کھلے دل، ذہن سے مذاکرات کی جانب پیشرفت کریں، پیشگی شرائط نہیں رکھنی چاہیے ،صدر آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی

151
حکومت ،اپوزیشن کھلے دل، ذہن سے مذاکرات کی جانب پیشرفت کریں، پیشگی شرائط نہیں رکھنی چاہیے ،صدر آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری سیاسی استحکام سے جڑی ہوئی ہے ،حکومت اور اپوزیشن کھلے دل اور ذہن سے مذاکرات کی طرف بڑھنا چاہیے اور کسی فریق کوپیشگی شرائط نہیں رکھنی چائیں ۔تجارتی مراکز میں غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات سے کاروبار متاثرہو رہا ہے ۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے مذاکرات کے عندیہ سے عوام کواطمینان ہوا تھا تاہم فریقین کی جانب سے پیشگی شرائط کا عمل قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری اور معیشت کی بہتری سیاسی استحکام سے مشروط ہے جس کے لئے سیاسی فریقین کو عملی پیشرفت کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کو معاشی طو رپر مضبوط بنانا ہے تو بلا جواز احتجاج اور دھرنوں کی سیاست کو دفن کرنا ہوگا ۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ انار کلی سمیت دیگر تجارتی مراکز میں پارکنگ کے لئے جگہ نہ ہونے سے کاروبار متاثر ہو رہا ہے ۔ انہوں نے پنجاب حکومت سے اپیل کی ہے کہ پارکنگ پلازوں کی تعمیر کیلئے جلد از جلد عملی پیشرفت کی جائے۔