شام میں استحکام بحال کرنے کے لئے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں ، چین

بیجنگ۔18دسمبر (اے پی پی):چین نے کہا ہے کہ وہ شام میں استحکام بحال کرنے کے لئے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب گینگ شوانگ نے شام کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی بریفنگ میں اپنے ریمارکس میں کہا کہ حال ہی میں شام کی صورتحال میں واضح تبدیلیاں آئی ہیں جس پر چین توجہ دے …

بیجنگ۔18دسمبر (اے پی پی):چین نے کہا ہے کہ وہ شام میں استحکام بحال کرنے کے لئے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب گینگ شوانگ نے شام کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی بریفنگ میں اپنے ریمارکس میں کہا کہ حال ہی میں شام کی صورتحال میں واضح تبدیلیاں آئی ہیں جس پر چین توجہ دے رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ شام میں سکیورٹی کی صورتحال کو مستحکم کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس موقع پر شام میں تمام متعلقہ فریقوں تحمل کا مظاہرہ کرنے اور ایسے اقدامات سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا جو تنازعات کا باعث بنیں۔

چینی سفیر نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے خلاف حملوں کو روکنے اور ملک میں سفارتی مشنز اور غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ شام کے ریاستی ادارے سماجی نظم کی بحالی کے لیے حالات پیدا کرنے کے لیے فعال رہیں گے اور اثر و رسوخ رکھنے والے ممالک، خاص طور پر علاقائی ممالک، شام کی صورت حال کو مستحکم کرنے میں تعمیری کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے شام کے خلاف اسرائیل کے حالیہ فضائی حملوں اور گولان کی پہاڑیوں میں غیر فوجی بفر زون میں اس کے داخلے پر بھی تشویش کا اظہار کیا، جہاں اس نے بستیوں کو بڑھانے کا دعویٰ کیا، اسرائیل سے ان کارروائیوں کو روکنے کا مطالبہ کیا۔چینی سفیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین طویل عرصے سے شام کے ساتھ دوستی اور تعاون کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، شام کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا اور شامی عوام کے انتخاب کا احترام کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین شام میں امن مقصد کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ چین سلامتی کونسل کی قرارداد 2254 پر عمل درآمد میں شام کی حمایت کرتا ہے۔چینی سفیر نے زور دیا کہ ملکی تقسیم سے بچنے کے لیے شامی عوام کی مرضی کا احترام کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین اقوام متحدہ کے فعال ثالثی کردار اور تمام فریقوں کے درمیان بات چیت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی مندوب گیئر پیڈرسن کے کام کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے زوردیا کہ شام کی سرزمین کو دہشت گردی کی حمایت یا دوسرے ممالک کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔انہوں نے شام کے تمام فریقوں سے بلا رکاوٹ انسانی رسائی کو یقینی بنانے اور اقوام متحدہ کے اداروں کی انسانی بنیادوں پر کارروائیوں میں سہولت فراہم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے شام پر فوری طور پر عائد یکطرفہ پابندیاں ہٹانے کامطالبہ بھی کیا۔