وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایات اور چیئرمین سی ڈی اے/چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی نگرانی میں وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں
وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایات اور چیئرمین سی ڈی اے/چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی نگرانی میں وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں جن کے نتیجے میں ہزاروں کنال سرکاری اراضی اور اربوں روپے مالیت کی املاک واگزار کرائی گئی ہیں۔سی ڈی اے، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) اور متعلقہ اداروں کی جانب سے مشترکہ کارروائیوں کے دوران غیر قانونی تجارتی توسیعات، کیوسکس، سڑک کنارے قائم غیر قانونی سٹالز، گرین بیلٹس، فٹ پاتھوں اور سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران سیدپور، نورپور شاہاں، اسلام آباد ایکسپریس وے، ترنول سمیت مختلف علاقوں میں غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا جبکہ مارکیٹوں، رہائشی سیکٹرز، سروس روڈز اور گرین بیلٹس میں بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام کے مطابق کارروائیوں کا مقصد سرکاری اراضی اور عوامی املاک کو غیر قانونی قبضوں سے محفوظ بنانا، شہری نظم و ضبط بحال کرنا، ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور اسلام آباد کو صاف، سرسبز، محفوظ اور ماحول دوست شہر بنانا ہے۔انسداد تجاوزات مہم کے نتیجے میں فٹ پاتھوں اور پیدل چلنے والوں کے راستوں کی بحالی، پارکس اور گرین بیلٹس کی بہتری، ٹریفک رکاوٹوں میں کمی اور شہر کی مجموعی خوبصورتی میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔سی ڈی اے ترجمان کے مطابق تجاوزات کے خلاف کارروائیوں میں کسی امتیاز کے بغیر قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ مہم کا دائرہ کار شہری اور دیہی علاقوں تک بڑھایا جا رہا ہے۔وفاقی دارالحکومت میں جاری ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک، خوبصورت، محفوظ، قابل رہائش اور سیاحت و سرمایہ کاری کے لیے مزید پرکشش ماڈل شہر بنانا ہے۔







