لاہور۔18دسمبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ہے کہ انکم ٹیکس، کسٹمز اور سیلز ٹیکس کے وفاقی ٹیکس قوانین کے تحت جائز شکایات کے ازالے کے لیے ٹیکس دہندگان کے حقوق مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ بدھ کو یہاں اعلی سطحی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ٹیکس سے متعلق مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانے کے لیے ان حقوق …
موجودہ قانونی ڈھانچہ ٹیکس دہندگان کو من مانے فیصلوں یا غیر منصفانہ سلوک سے بچانے کے لیے مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے، ایف ٹی او

مزید خبریں
لاہور۔18دسمبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ہے کہ انکم ٹیکس، کسٹمز اور سیلز ٹیکس کے وفاقی ٹیکس قوانین کے تحت جائز شکایات کے ازالے کے لیے ٹیکس دہندگان کے حقوق مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ بدھ کو یہاں اعلی سطحی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ٹیکس سے متعلق مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانے کے لیے ان حقوق کو سمجھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ قانونی ڈھانچہ ٹیکس دہندگان کو من مانے فیصلوں یا غیر منصفانہ سلوک سے بچانے کے لیے مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے ٹیکس دہندگان پر زور دیا کہ وہ خود ان قوانین سے آگاہی حاصل کریں جو خاص طور پر ٹیکس کے معاملات میں شفافیت، انصاف اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان اور ٹیکس حکام کے درمیان اعتماد کی فضا قائم کرنے کےلئے دونوں کا مل کر کام کرنا ضروری ہے،اپنے حقوق اور ذمہ داریوں سے آگاہی حاصل کر کے ٹیکس دہندگان نہ صرف اپنا تحفظ کر سکتے ہیں بلکہ ملک کے ٹیکس نظام میں بھی مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معیشت کا انحصار اس کے ٹیکس نظام پر ہوتا ہے اور یہ کہنا بالکل بجا ہے کہ ٹیکس معیشت کی ضمنی پیداوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس قوانین سے مکمل اور پیشہ ورانہ انداز میں آگاہی عام لوگوں خصوصا ٹیکس دہندگان کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس و تجارت میاں ابوذر شاد نے بھی بطور خاص شرکت کی۔ اس موقع پر مشیر ڈاکٹر وقار چوہدری نے تجویز پیش کی کہ ٹیکس دہندگان کی بہتر آگاہی کے لیے تمام وفاقی ٹیکس قوانین کا اردو میں ترجمہ کیا جائے اور انہیں ایف بی آر، ایف ٹی او، ایف پی سی سی آئی اور ملک بھر کے ریجنل چیمبرز کی ویب سائٹس پر اپ لوڈ کیا جائے۔
ایف ٹی او کوآرڈینیٹر برائے جنوبی پنجاب سیف الرحمان نے ملتان میں تاجر برادری کے ساتھ آگاہی ورکشاپ منعقد کرنے کی پیشکش کی جبکہ فیصل آباد کے ایف ٹی او کوآرڈینیٹر محمد فرحان منیر نے کہا کہ وہ آئندہ ماہ ایف ٹی او کی صدارت میں ٹیکس دہندگان کے حقوق پر سیمینار کی میزبانی کریں گے۔ اس موقع پر ایف ٹی او کے مشیر الماس علی جووندا، عدیلہ رحمان، کاشف انور ملک منظور اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور شرکا کے سوالات کے جوابات دیئے۔








