بغداد۔23دسمبر (اے پی پی):عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی نےکہا ہے کہ شمالی عراق کے شہر موصل کا ہوائی اڈے ضروری مرمت کے بعد جون میں دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
اردو نیوز کے مطابق عراقی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں وزیراعظم السودانی نے اپنے دورے کے دوران ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ کا افتتاح 10 جون کو ہی کیا جائے۔10 جون کی تاریخ موصل پر داعش کے قبضے کا دن تھا اور ایئرپورٹ کے افتتاح کی یہ تاریخ مقرر کرنے کا مقصد ملک سے دہشت گردی کے خلاف مزاحمت کا پیغام ہے۔
موصل کے ہوائی اڈے کے ٹرمینلز اور رن وے کی مرمت اور بہتری کا 80 فیصد سے زیادہ کام مکمل ہو چکا ہے، یہ ایئرپورٹ داعش اور اتحادی فوجوں کے مابین لڑائی میں مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا۔عراق کے سابق وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے اگست 2022 میں ہوائی اڈے کی ازسرنو تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھا تھا۔
عراقی وزیراعظم کے دفتر سے اعلان بھی کیا گیا ہے کہ عراق محفوظ، مستحکم اور درست سمت میں گامزن ہے اور موصل شہر میں تاریخی دریائے دجلہ کے مغربی کنارے کی بحالی کے منصوبے کا آغاز بھی ہوا ہے۔