پاکستان مسلم لیگ(ن) کےیوم تاسیس کے حوالے سے تقریب، مسلم لیگ ن کےقائد محمد نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھی جا رہی ہے ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ(ن) کےیوم تاسیس کے حوالے سے تقریب پیر کو قومی اسمبلی میں حکمران جماعت کےچیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی ۔تقریب میں ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجم عقیل خان اور راجہ خرم نواز سمیت لیگی راہنمائوں سجاد عباسی ، راجہ واحد کیانی، سردار مہتاب ، فتح مومن رانا ،رفعت چوہدری اور لیگی کارکنان نے بڑی …

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ(ن) کےیوم تاسیس کے حوالے سے تقریب پیر کو قومی اسمبلی میں حکمران جماعت کےچیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی ۔تقریب میں ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجم عقیل خان اور راجہ خرم نواز سمیت لیگی راہنمائوں سجاد عباسی ، راجہ واحد کیانی، سردار مہتاب ، فتح مومن رانا ،رفعت چوہدری اور لیگی کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

قومی اسمبلی میں چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک جن حالات سے گزر کر یہاں پہنچا ہے وہ ایک تاریخ ہے جو ہم نے اپنی نوجوان نسل کو بتانی ہے ، یہ ساٹھ فیصد نوجوان پاکستان کی اصل طاقت ہیں ، ملک کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ، انشاء اللہ وہ دن دور نہیں پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ہم ابھی اپنے ٹارگٹ سے بہت دور ہیں ، دنیا کا بہترین ڈاکٹر مریض کی بہترین تشخیص کرنے والا ہوتا ہے، ہمیں بس اپنے امراض کی تشخیص کرنی ہے ، اس وقت ملک کا سب سے بڑا چیلنج معیشت، لاء اینڈ آرڈر اور عدم سیاسی استحکام ہے ، میری طرح لوگوں کی اکثریت مذاکرات کے حامی ہیں ، ملک کی سیاسی قیادت کو ہوش کے ناخن لینے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کے حالات اور 2018 کے انتخابات پر بات ہونی چاہیئے ، پاکستان کے تمام انتخابات پر سوالیہ نشان اٹھتے رہے ، پی ٹی آئی کے دور اقتدار کے آخری دنوں میں ان کے ایم این ایز اپنے حلقوں میں نہیں جا سکتے تھے ۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کےقائد محمد نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھی جا رہی ہے ، پارلیمنٹ،عدلیہ ، انتظامیہ اور دفاعی ادارے ملک کے خلاف سازشوں کا سامنا کر رہے ہیں ، ہمیں اپنے اداروں کا بچانا ہے ، یہ تمام سازشیں پاکستان کو کمزور کرنے کو کوشش ہے ، دشمنوں کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔

رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز نے کہا کہ حلقے کی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب سیاسی ورکر کو اہمیت نہ دی جائے اس وقت تک کوئی جماعت سیاسی جماعت نہیں بن سکتی، میں نے یو سی چیئرمین سے ایم این اے تک کا سفر طے کیا ہے ، قیادت سیاسی ورکر کو اہمیت دے کر جماعت کی مضبوطی کی بنیاد قائم کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے دروازے حلقے کی عوام کیلئے ہروقت کھلے ہیں ، وفاقی دارالحکومت کے دیگر دونوں ایم این ایز کے ساتھ مل کر اس وفاق کونکھاریں گے۔