ملتان۔ 17 جنوری (اے پی پی):ملتان میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سعود شکیل اور محمد رضوان کی عمدہ نصف سنچریوں کی بدولت پہلے روز کھیل کے اختتام پر چاروکٹوں پر 143 رنز بنالیے،سعود شکیل 56 اور محمد رضوان 51 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان …
ملتان ٹیسٹ: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف چار وکٹوں پر 143 رنز بنالیے

مزید خبریں
ملتان۔ 17 جنوری (اے پی پی):ملتان میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سعود شکیل اور محمد رضوان کی عمدہ نصف سنچریوں کی بدولت پہلے روز کھیل کے اختتام پر چاروکٹوں پر 143 رنز بنالیے،سعود شکیل 56 اور محمد رضوان 51 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ہوم گراؤنڈ پر قومی ٹیم میچ کا شاندار آغاز نہ کر سکی اور 46 سکور پر پاکستان کے چارکھلاڑی پویلین چلتے بنے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 16 رنز پر گری،جب ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے اوپنر محمد حریرہ 11 گیندوں پر چھ رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو ئے،کپتان شان مسعود بھی صرف 11 رنز بنا کر 20 کے مجموعی سکور پر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ کامران غلام کی گری،کامران غلام بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور محض پانچ رنز بنا کر 31 کے مجموعی سکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے جبکہ پاکستان کا چوتھا کھلاڑی 46 کے مجموعی سکور پر آئوٹ ہوا جب تجربہ کار بلے باز بابر اعظم 20 گیندوں پر صرف 8 رنز بنا کر چلتے بنے۔
جس کے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا، پہلے دن کے کحیل کے اختتام پر محمد رضوان 51 جبکہ سعود شکیل 56 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے تین اور گوڈاکیش موتی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی اننگز میں بڑا ٹوٹل کھڑا کر کے حریف ٹیم کو دبائو میں لانا چاہتے ہیں،ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی آخری سیریز میں فتح سمیٹ کر سیزن کا اچھا اختتام کرنا پہلا ہدف ہے۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ براتھویٹ نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی ابتداء میں میزبان ٹیم کیخلاف جلد وکٹیں لیکر انہیں مشکل میں ڈالیں۔
ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں شدید دھند کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا۔واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ بھی ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔








