سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا امریکا کی جانب سے غیر ملکی امداد روکنے پر تشویش کا اظہار

144
Antonio Guterres
Antonio Guterres

اقوام متحدہ۔28جنوری (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے امریکا کی جانب سے غیر ملکی امداد روکنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس حکم نامے میں اضافی استثنا پر غور کرے جس کے تحت تقریباً تمام غیر ملکی امداد کو 90 دن کے لئے روک دیا گیا ہے۔ ایک ہفتہ قبل صدر ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈر میں کہا گیا تھا کہ تمام غیر ملکی امداد کا از سر نو جائزہ لیا جائے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یہ ان کی نئی خارجہ پالیسی کی ترجیحات کی تعمیل کرتی ہے۔

امریکی صدر کے ایگزیکٹوآرڈر کا دائرہ کار فوری طور پر واضح نہیں تھا لیکن جمعہ کو خبروں کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایک حکم جاری کیا جس میں کسی بھی نئی فنڈنگ ​​کو روک دیا گیا تاہم اس پر نظرثانی زیر التواہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ہدایت میں مبینہ طور پر واضح کیا گیا ہے کہ موجودہ پروگراموں کے لئے فنڈنگ ​​بھی اس وقت تک معطل ہے جب تک اس کا جائزہ نہیں لیا جاتا۔ مبینہ طور پر استثنا صرف اسرائیل اور مصر کے لئے فوجی امداد اور ہنگامی خوراک کی امداد کے لئےتھا ۔

اقوام متحدہ کے سربراہ کی جانب سے ان کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل نے امریکی غیر ملکی امداد میں تعطل کے اعلان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سیکرٹری جنرل نے مطالبہ کیا ہے کہ اضافی استثنا پر غور کیا جائے تاکہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمزور کمیونٹیز کے لئے اہم ترقی اور انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے، جن کی زندگی اور معاش اس امداد پر منحصر ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت کے منتظر ہیں کہ شدید ترین چیلنجز کا سامنا کرنے والی ترقی پذیر دنیا کے شہریوں کو ترقیاتی امداد فراہم کرنے کے لئے کس طرح کی مدد کی اشد ضرورت ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکا امداد فراہم کرنے والے بڑے ممالک میں سے ایک ہے اور یہ ضروری ہے کہ ہم مشترکہ طور پر آگے بڑھنے کے لئے ایک سٹریٹجک راستے کی تشکیل کے لئے تعمیری کام کریں۔

امریکی حکومت دنیا میں امداد کا واحد سب سے بڑا عطیہ دہندہ ہے، جس نے 2023 کے دوران تقریباً 72 بلین ڈالر کی امداد فراہم کی ۔ اس نے مبینہ طور پر 2024 کے دوران اقوام متحدہ کی طرف سے دی گئی تمام انسانی امداد کا 40 فیصد سے زیادہ فراہم کیا۔