جنوبی کوریا، جاپان اورملائیشیا میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ

151
State Bank
State Bank

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):جنوبی کوریا، جاپان اورملائیشیا میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں جنوبی کوریا میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 58ملین ڈالرزرمبادلہ ملک ارسال کیاجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 19فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں جنوبی کوریا سے ترسیلات زرکاحجم 48.7ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا، دسمبرمیں جنوبی کوریا سے ترسیلات زرکاحجم 9.3ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جونومبرمیں 9ملین ڈالر اوردسمبر2023میں 8.4ملین ڈالرتھا۔

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں جاپان میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 31.7ملین ڈالرزرمبادلہ ملک ارسال کیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 21.4فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں جاپان سے ترسیلات زرکاحجم 25.6ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا،دسمبر2024میں جاپان میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 5.7ملین ڈالرزرمبادلہ ملک ارسال کیا جونومبرمیں 4.8ملین ڈالر اوردسمبر2023میں 5.3ملین ڈالرتھا۔

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں ملائیشیا میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 95.4ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 62.8فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملائیشیامیں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 52.4ملین ڈالرزرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔دسمبر2024میں ملائیشیا سے ترسیلات زرکاحجم 15.8ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جونومبرمیں 15.4ملین ڈالراوردسمبر2023میں 9.5ملین ڈالرتھا۔

واضح رہے کہ جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں سمندرپارپاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زرکاحجم 17.845ارب ڈالرریکارڈکیاگیا ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 13.435ارب ڈالرکے مقابلہ میں 32.8فیصدزیادہ ہے۔