واشنگٹن۔10فروری (اے پی پی):امریکا میں زیرِ حراست غیر ملکیوں کو گوانتانا موبے منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور اس سلسلے کی تیسری پرواز کیوبا میں امریکی نیول بیس پہنچ گئی ۔وائس آف امریکا نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ اس پرواز میں ’’خطرناک غیر قانونی غیر ملکیوں‘‘ کو گوانتا نامو بے لایا گیا ہے۔امریکا کی داخلہ سلامتی کی وزیر کرسٹی نوم نے بتایا کہ وہ ہفتے کو …
امریکا میں زیرِ حراست غیر ملکیوں کو لے کر تیسری پرواز گوانتا نامو بے پہنچ گئی

مزید خبریں
واشنگٹن۔10فروری (اے پی پی):امریکا میں زیرِ حراست غیر ملکیوں کو گوانتانا موبے منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور اس سلسلے کی تیسری پرواز کیوبا میں امریکی نیول بیس پہنچ گئی ۔وائس آف امریکا نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ اس پرواز میں ’’خطرناک غیر قانونی غیر ملکیوں‘‘ کو گوانتا نامو بے لایا گیا ہے۔امریکا کی داخلہ سلامتی کی وزیر کرسٹی نوم نے بتایا کہ وہ ہفتے کو جرائم پیشہ غیر ملکیوں کی منتقلی دیکھنے کے لئے کیوبا میں موجود تھیں۔انہوں نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ اب ہمارا ملک خطرناک گینگز کے ارکان کے لئے محفوظ پناہ گاہ نہیں رہے گا، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ گوانتا نامو بے منتقل کئے گئے افراد کی تعداد کتنی تھی اور ان پر کن جرائم میں ملوث ہونے کا الزام یا شبہ تھا۔ہوم لینڈ سکیورٹی اور یو ایس امیگریشن اینڈ کسٹم انفورسمنٹ نے بھی تاحال ان افراد کی تفصیلات نہیں بتائیں۔
گوانتانامو بے کے حراستی مرکز کی نگرانی کرنے والی یو ایس سدرن کمانڈ(ساؤتھ کام) نے بھی منتقل کئے گئے افراد کی تعداد کے بارے میں تبصرہ نہیں کیا ، البتہ یہ بتایا ہے کہ گوانتا ناموبے کے حراستی مرکز میں لائے گئے افراد کی تعداد تین درجن سے زائد ہو گئی ہے۔ ساؤتھ کام کے حکام نے مزید بتایا کہ محکمۂ دفاع کی ہدایات کے مطابق غیر قانونی غیر ملکیوں کو گوانتا نامو بے کے حراستی مرکز میں رکھنے اور مزید افراد کو لانے کی پوری تیاری کر لی گئی ہے، ان افراد کی محفوظ منتقلی ہوگی اور ان کے ساتھ انسانیت کے بین الاقوامی معیارات کے مطابق برتاؤ کیا جائے گا۔امیریکن سول لبرٹیز یونین سمیت تارکینِ وطن کے حقوق کے لئے کام کرنے والے گروپس نے گوانتانامو بے میں رکھے گئے افراد کی معلومات فراہم کرنے اور ان تک رسائی کے لئے ڈیپارٹمنٹ آف ہوم سکیورٹی، محکمۂ خارجہ اور پینٹاگان کو خطوط لکھے ہیں۔
امریکا کی داخلہ سلامتی کی وزیر کرسٹی نوم نے قبل ازیں ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ جن افراد کو گوانتانا موبے منتقل کیا جارہا ہے وہ بدترین مجرم ہیں جو امریکا میں موجود ہیں، یہ افراد وینزویلا کے گینگ کے رکن ہیں لیکن اب ایسے افراد زیادہ عرصے تک امریکا میں نہیں رہیں گے ۔انہوں نے امریکا کو پھر سے محفوظ بنانے کے لئے صدر ٹرمپ کی سخت محنت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ زیرِ حراست افراد میں اسے ایک شخص نے قتل کا اعتراف کیا ہوا ہے جب کہ دیگر قتل، حملوں، اسلحے کی سمگلنگ اور جعل سازی کے لیے مطلوب تھے۔گوانتانامو بے کے حراستی مرکز منتقل کئے گئے 10 غیر دستاویزی تارکینِ وطن کو لانے والی پہلی پرواز گزشتہ منگل کو پہنچی تھی۔
حکام کے مطابق ان افراد کو امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے افسران کی نگرانی میں جیل میں رکھا گیا ہے۔ہوم لینڈ سکیورٹی حکام کے مطابق گوانتانامو بے لائے گئے افراد کا تعلق وینزویلا کے جرائم پیشہ گینگ سے ہے جس کو امریکی حکام نے غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔امریکا کے دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ خطرناک تارکینِ وطن کو عارضی طور پر گوانتانامو بے کے حراستی مرکز میں رکھا جائے گا۔








