اقوام متحدہ ۔10فروری (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے اتوار کو نمیبیا کے پہلے صدر سام نوجوما کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ’’جرات مند‘‘رہنما قرار دیا۔سام نوجوما نمیبیا کے دارالحکومت ونڈہوک میں گزشتہ روز 95 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے ۔ پاکستانی مندوب نے اپنے نمیبیا کے ہم منصب نیویل گرٹزے کے نام تعزیتی …
اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب کا نمیبیا کے پہلے صدر سام نجوما کے انتقال پر اظہارتعزیت

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔10فروری (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے اتوار کو نمیبیا کے پہلے صدر سام نوجوما کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ’’جرات مند‘‘رہنما قرار دیا۔سام نوجوما نمیبیا کے دارالحکومت ونڈہوک میں گزشتہ روز 95 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے ۔
پاکستانی مندوب نے اپنے نمیبیا کے ہم منصب نیویل گرٹزے کے نام تعزیتی پیغام میں کہا کہ سابق صدرسام نوجوما کا نمیبیا کے عوام کے لئے مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے خود ارادیت اور آزادی کے حصول میں جرأت مندانہ اور اہم کردار نوآبادیات کی تاریخ میں ایک روشن باب رہے گا۔ انہوں نے آزادی اورحق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والوں کے لئے ایک متاثر کن مثال قائم کی ہے ۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ صدر سام نوجوما سے اس وقت ملاقات ہوئی جب وہ نمیبیا کی آزادی کے لئے اقوام متحدہ میں انتھک کوششیں کر رہے تھے۔ انہوں نے ان کے خاندان اور نمیبیا کی قوم کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ سام نوجوما 1990 میں نمیبیا کے صدر بنے اور 2005 تک اس عہدے پر رہے۔








