کراچی ۔14فروری (اے پی پی):پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں تیز ترین 6 ہزار رنز مکمل کر لئے ۔30 سالہ سابق کپتان بابراعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کے فائنل میچ میں 6 ہزار رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔بابر اعظم نے آج جمعہ کو کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا …
پاک ، نیوزی لینڈ سہ ملکی سیریز کا فائنل، بابراعظم نے تیز ترین 6 ہزار رنز بنا کر اہم سنگ میل عبور کرلیا
کراچی ۔14فروری (اے پی پی):پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں تیز ترین 6 ہزار رنز مکمل کر لئے ۔30 سالہ سابق کپتان بابراعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کے فائنل میچ میں 6 ہزار رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔بابر اعظم نے آج جمعہ کو کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں تین ملکی سیریز کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے 10 واں رن لے کر یہ سنگِ میل عبور کیا۔یوں بابر اعظم مشترکہ طور پر تیز ترین 6 ہزار رنز بنانے والے پلیئر بن گئے ہیں۔
انہوں نے 123 اننگز میں 6 ہزار رنز بنا کر ہاشم آملہ کا ریکارڈ برابر کیا ہے جنہوں نے 123 میچ ہی کھیل کر یہ ریکارڈ بنایا تھا۔بابر اعظم یہ کارنامہ انجام دینے والے تیز ترین ایشین بھی ہیں کیونکہ بھارت کے ویرات کوہلی نے 136 اننگز میں 6 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔علاوہ ازیں بابر اعظم 6 ہزار ون ڈے رنز بنانے والے گیارہویں پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔بابر اعظم سے قبل انضمام الحق، محمد یوسف، سعید انور، شاہد آفریدی، شعیب ملک، جاوید میانداد، یونس خان، سلیم ملک، محمد حفیظ اور اعجاز احمد بھی 6 ہزار ون ڈے رنز بنا چکے ہیں۔









