پی سی بی کے زیر اہتمام قومی انڈر 15 اور انڈر 17 کپ پاکستان کے گیارہ شہروں میں شروع ہو گیا

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):پی سی بی کے زیر اہتمام قومی انڈر 15 اور انڈر 17 کپ پاکستان کے گیارہ شہروں میں شروع ہو گیا ہے جس میں 500 سے زائد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملے گا۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ دونوں ٹورنامنٹس پاکستان کے تمام حصوں میں ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کرکٹ …

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):پی سی بی کے زیر اہتمام قومی انڈر 15 اور انڈر 17 کپ پاکستان کے گیارہ شہروں میں شروع ہو گیا ہے جس میں 500 سے زائد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملے گا۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ دونوں ٹورنامنٹس پاکستان کے تمام حصوں میں ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے متعارف کرائے گئے نچلی سطح کے ڈھانچے کا حصہ ہیں۔ کھلاڑیوں کو ان کی متعلقہ ریجنل ٹیموں کے لیے ٹرائلز کے عمل کے بعد منتخب کیا گیا ہے جو جنوری میں دو مرحلوں میں ہوا تھا۔

دونوں ٹورنامنٹس میں 18 ریجنل ٹیموں کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر انڈر 15 اور انڈر 17 ریجنل ٹیم 24 سے 26 فروری تک ہونے والے ٹرائنگولر مرحلے سے پہلے اپنے اپنے ٹورنامنٹ میں 50 اوورز کے پانچ میچوں میں شرکت کرے گی۔ دونوں ٹورنامنٹس میں ہر گروپ کی ٹاپ ٹیمیں ٹرائنگولر مرحلے میں حصہ لیں گی اور ٹاپ دو ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

دونوں ٹورنامنٹس کے فائنل 28 فروری کو ہوں گے۔ نیشنل انڈر 15 ٹورنامنٹ بہاولپور، فیصل آباد، لاہور، رحیم یار خان، صادق آباد اور سرگودھا جبکہ نیشنل انڈر 17 ٹورنامنٹ ایبٹ آباد، چارسدہ، اسلام آباد، پشاور اور راولپنڈی میں کھیلا جا رہا ہے۔ دونوں ٹورنامنٹس کے سہ فریقی مرحلے کے مقامات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔