چین اور یورپ تعاون کو مزید مضبوط بنائیں ،چین جرمنی کے ساتھ ہمہ جہت تعاون کو گہرا کرنے کا خواہاں ہے ، چینی وزیر خارجہ

111

بیجنگ۔16فروری (اے پی پی):چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ چین اور یورپ تعاون کو مزید مضبوط بنائیں ،چین جرمنی کے ساتھ ہمہ جہت تعاون کو گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق میونخ میں جرمن چانسلر اولاف شولز سے ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ سٹریٹجک پارٹنرز کے طور پر چین اور جرمنی نیز چین اور یورپ کو یکجہتی، ہم آہنگی اور تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہیے، آزاد تجارت پر قائم رہنا چاہیے، کثیرالجہتی پر عمل کرنا چاہیے اور اقوام متحدہ کے اختیار کا تحفظ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ چین جرمنی کو کثیر قطبی ڈھانچے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے اور جرمنی کے ساتھ ہمہ جہت تعاون کو گہرا کرنے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مثبت سمت میں آگے بڑھایا جا سکے، عالمی امن اور استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔

وانگ ای نے کہا کہ چین جرمنی کے یورپی یونین میں چینی الیکٹرک گاڑیوں پر محصولات کے معاملے پر معقول اور عملی رویہ اپنانے کی تعریف کرتا ہے۔ امید ہے کہ جرمنی چین اور یورپ کے درمیان تجارتی تنازعات کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔