واشنگٹن ۔22فروری (اے پی پی):امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوج کےاعلی ترین عہدے پر فائز چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور ایئر فورس جنرل چارلز سی کیو براؤن کو برطرف کر دیا ہے۔
روئٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کی برطرفی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوج کے پانچ اعلٰی عہدوں میں بھی تبدیلیاں کریں گے۔صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں لکھا کہ وہ سی کیو براؤن کی جگہ ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ڈین رازن کین کو جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے عہدے کے لیے نامزد کریں گے۔
ڈین رازن کین ایف 16 کے پائلٹ رہ چکے ہیں اور حال ہی میں خفیہ ایجنسی سی آئی اے میں عسکری معاملات کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نیوی کی سربراہ ایڈمیرل لیسا فرینچیٹی، فضائیہ کے وائس چیف آف سٹاف سمیت آرمی، نیوی اور ایئر فورس کے ایڈووکیٹ جنرلز کو بھی برطرف کریں گے۔
صدر ٹرمپ نے یہ اعلان ایسے وقت پر کیا ہے جب امریکا سب سے پہلےکی پالیسی کے تحت محکمہ دفاع میں بجٹ اور سویلین عملے کو ملازمت سے ہٹانے کے حوالے سے بڑی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔