غزہ کے مستقبل کے حوالے سے مصر کی طرف سے پیش کردہ فارمولہ خوش آئند ہے، قطر

دوحہ۔5مارچ (اے پی پی):قطر نے قاہرہ میں غزہ کے مستقبل کے حوالے سے منعقدہ عرب سربراہ اجلاس میں مصر کی طرف سے پیش کردہ فارمولے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔العربیہ کے مطابق قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور محمد الخلیفی نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مصرکی تجویز جامع خصوصیات کی حامل ہے، غزہ کا حل پورے خطے کے مفاد میں ہے اور یہ کہ غزہ کا مسئلہ …

دوحہ۔5مارچ (اے پی پی):قطر نے قاہرہ میں غزہ کے مستقبل کے حوالے سے منعقدہ عرب سربراہ اجلاس میں مصر کی طرف سے پیش کردہ فارمولے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔العربیہ کے مطابق قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور محمد الخلیفی نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مصرکی تجویز جامع خصوصیات کی حامل ہے، غزہ کا حل پورے خطے کے مفاد میں ہے اور یہ کہ غزہ کا مسئلہ سب سے پہلے فلسطین اور عربوں کا مسئلہ ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسئلہ فلسطین کے مستقل حل کے لیے اصلاحات کا راستہ نکالا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ فلسطینی ایک متفقہ فیصلے تک پہنچنے کے لیے ساتھ کھڑے ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خطے کے حل کے لیے ایک واضح روڈ میپ کی ضرورت ہے۔الخلیفی نے واضح کیا کہ مصر کا منصوبہ غزہ کے مستقبل کا خاکہ پیش کرتا ہے اور اس میں بہت سی تفصیلات ہیں،ہم فلسطینیوں کی جبری ہجرت کو قطعی طور پر قبول نہیں کرتے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ کی تعمیر نو کے لیے وقت اور بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔ غزہ کا بحران جنگ بندی سے ختم نہیں ہوتا۔ غزہ میں جنگ بندی کو اہم مسائل کو حل کیے بغیرآگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ تعمیر نو کے منصوبے میں حفاظتی انتظامات اور غزہ کے لیے ایک انتظامی حکومتی عمل شامل ہے۔

انہوں نےکہا کہ مصر کے منصوبے میں جامع خصوصیات ہیں اور ہم غزہ میں ایک روشن مستقبل کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔غزہ کے حوالے سے نظریات کو یکجا کرنے کے لیے امریکا اور عرب ممالک کے ساتھ براہ راست رابطہ ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم نے مصر اور امریکاکے ساتھ مل کر غزہ میں ایک معاہدے تک پہنچنے کی بھرپور کوشش کی۔