انسانی سمگلروں کے دھوکے سے بیرون ملک گئے 300 شہریوں کو وطن واپس بلالیا ہے،بھارت

ممبئی ۔12مارچ (اے پی پی):بھارت نے کہا ہے کہ اس نے اپنے ان 300 کے قریب شہریوں کو ملک واپس بلالیا ہے جنہیں انسانی سمگلروں نے ملازمت کے دھوکے میں جنوب مشرقی ایشیا کے مختلف ممالک بلوالیا تھا۔رائٹرز نے بھارتی وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ جن ممالک سے ہموطن شہریوں کو واپس بلایا گیا ہے ان میں میانمار بھی شامل ہے جہاں سے انہیں انٹرنیٹ کے ذریعے ملازمت …

ممبئی ۔12مارچ (اے پی پی):بھارت نے کہا ہے کہ اس نے اپنے ان 300 کے قریب شہریوں کو ملک واپس بلالیا ہے جنہیں انسانی سمگلروں نے ملازمت کے دھوکے میں جنوب مشرقی ایشیا کے مختلف ممالک بلوالیا تھا۔رائٹرز نے بھارتی وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ جن ممالک سے ہموطن شہریوں کو واپس بلایا گیا ہے ان میں میانمار بھی شامل ہے جہاں سے انہیں انٹرنیٹ کے ذریعے ملازمت کا جھانسہ دے کر بلایا گیا اور بعدازاں غیرقانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ تھائی لینڈ اور میانمار کے سرحدی علاقوں میں دونوں ممالک کی جانب سے مجرمانہ اور مشکوک نیٹ ورکس کے خلاف مشترکہ آپریشن کے دوران اب تک ہزاروں کی تعداد میں غیرملکیوں کو آزاد کرایا گیا ہے جن میں انڈین بھی شامل ہیں۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ میانمار اور تھائی لینڈ میں انڈین سفارت خانوں نے مقامی حکام کے تعاون سے تقریباً 300 شہریوں کی محفوظ واپسی کو یقینی بنایا، ان کو انڈین ایئر فورس کے ایک جہاز کے ذریعے ملک پہنچایا گیا۔

واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں گزشتہ ہفتے دھوکہ دہی کے مراکز کے خلاف کریک ڈاؤن میں 100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث گینگز دھوکہ دہی سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو ایسے مراکز میں لے گئے ہیں جہاں انہیں غیرقانونی سرگرمیوں پر مجبور کیا جاتا ہے اور قید رکھا جاتا ہے۔

بھارتی حکومت کی جانب سے اپنے شہریوں کو خبردار بھی کیا گیا ہے کہ وہ دھوکہ دہی کی سکیموں سے بچیں اور کسی بھی ملک میں جانے سے قبل اپنے آجر کے کاروبار سے متعلق دستاویز کی جانچ پڑتال کر لیا کریں اور ایجنٹوں یا کمپنیوں کے ساتھ کام کا آغاز کرتے ہوئے ایسے واقعات کو ذہن میں رکھیں اور سوچ سجھ کر قدم اٹھائیں۔