ٹیکسٹائل کو ملکی معیشت میں کلیدی اہمیت حاصل ،ترقی کے لیے نئی ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا،صدرفیصل آباد چیمبر

فیصل آباد۔ 21 اپریل (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل کو پاکستان کی معیشت میں کلیدی اہمیت حاصل ہے تاہم عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اس شعبے کو جدید سائنسی خطوط پر ترقی دینے کی ضرورت ہے جس کے لیے نئی ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینو فیکچرنگ اینڈ ایکسپورٹرز …

فیصل آباد۔ 21 اپریل (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل کو پاکستان کی معیشت میں کلیدی اہمیت حاصل ہے تاہم عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اس شعبے کو جدید سائنسی خطوط پر ترقی دینے کی ضرورت ہے جس کے لیے نئی ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا۔

یہ بات انہوں نے پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینو فیکچرنگ اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مقامی مارکی میں لگائے جانے والی ٹیکسٹائل ایشیانمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات میں فیصل آباد کا حصہ 60فیصد ہے ، ہمارے صنعتکار عالمی معیار کی مصنوعات بھی تیار کر رہے ہیں مگر ان کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں فیصل آباد چیمبر میں بین الاقوامی معیار کا ایکسپو سنٹر قائم کرنے کےلئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے ٹیکسٹائل کے شعبے سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ نئی ٹیکنالوجی متعارف کرائیں تاکہ ان کی مصنوعات عالمی منڈیوں میں مسابقت کی پوزیشن میں آسکیں۔ بعدازاں ریحان نسیم بھراڑہ مختلف سٹالز پر بھی گئے اور نمائش کےلئے رکھی گئی مشینری اور اشیا کی کوالٹی کو سراہا۔