لاہور۔29اپریل (اے پی پی):لاہورسنٹرل پولیس آفس میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چنیوٹ اور بھکر کی 9 پولیس ٹیموں کو تعریفی اسناد و کیش انعامات سے نوازا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق جرائم پیشہ و شرپسند عناصر کے خلاف بہترین کارکردگی پر 20 افسران و اہلکاروں کی کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی گئی ۔
پولیس ٹیموں نے قتل، اقدام قتل، زیادتی سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا، انعامات حاصل کرنے والوں میں 2 انسپکٹرز، 8 سب انسپکٹر، 4 اے ایس آئیز اور 6 کانسٹیبلز شامل ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ موجودہ ملکی و سرحدی صورتحال کے پیش نظر پنجاب پولیس کے چیلنجز میں اضافہ ہوا ہے۔ پنجاب پولیس کے بہادر جوان لا اینڈ آرڈر، سکیورٹی، دہشت گردی کے چیلنجز سے نبردآزما ہیں، پاک فوج، اداروں اور شہریوں کے تعاون سے دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دیں گے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ معاشی ترقی کے فروغ کے لئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری، پراجیکٹس کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں،افسران و اہلکاروں کی خطرناک مجرمان کے خلاف کارروائیاں قابل فخر ہیں، بہترین کارکردگی کے حامل افسران واہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اس موقع پرایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر محمد عابد خان، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس غازی محمد صلاح الدین، اے آئی جی ڈسپلن سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔