29.9 C
Islamabad
پیر, مئی 12, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںچین اور امریکا کے درمیان مشترکہ مفادات کے بڑے مواقع موجود ہیں،...

چین اور امریکا کے درمیان مشترکہ مفادات کے بڑے مواقع موجود ہیں، چینی نا ئب وزیر اعظم

- Advertisement -

جنیوا ۔12مئی (اے پی پی):امریکا اور چین کے درمیان سوئٹزرلینڈ کے شہر جینوا میں تجارتی مذاکرات کے بعددونوں ممالک نے ابتدائی طور پر 90 روز کے لئے ایک دوسرے کی مصنوعات پر محصولات واپس لینے پر اتفاق کرلیا ہے جس کے بعد دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹس میں حصص کے لین دین میں تیزی آئی ہے اور دونوں ممالک کی کرنسیوں ڈالر اور یوان کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔ سی این این کے مطابق یہ اعلان امریکی اور چینی حکام کے درمیان طویل تجارتی مذاکرات کے اختتام پر سامنے آیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 14 مئی تک امریکا چینی مصنوعات پر محصولات کو عارضی طور پر 145 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد کرے گا، جب کہ چین امریکی درآمدات پر محصولات کو 125 فیصد سے کم کرکے 10 فیصد کرے گا۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فنگ اور امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر کی قیادت میں اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے بارے میں بات چیت جاری رکھنے کے لیے ایک میکنزم بنانے پر بھی اتفاق کیا۔اس حوالے سے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بات چیت چین اور امریکا میں متبادل طور پر کی جا سکتی ہے، یا فریقین کے اتفاق سے کسی تیسرے ملک میں بھی بات چیت کو جاری رکھا جاسکے گا، ضرورت کے مطابق دونوں فریق مربوط اقتصادی اور تجارتی مسائل پر ورکنگ لیول مشاورت کر سکتے ہیں۔

- Advertisement -

امریکی انتظامیہ نے اتوار کو مذاکرات کے اختتام کے بعد ایک ’معاہدے‘ کی طرف پیشرفت کا ذکر کیا تھا، جب کہ بیجنگ نے باہمی اتفاق کا ذکر کیا کہ رسمی اقتصادی اور تجارتی مذاکراتی عمل شروع کیا جائے۔امریکا اور چین کی طرف سے اس اعلان کے بعد دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی دیکھی گئی ہے اور عالمی سرمایہ کاروں نے دونوں بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی جنگ جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھاری محصولات کی وجہ سے شروع ہوئی تھی کے بادل چھٹنے پر بے حد خوشی کا اظہار کیا ہے۔

اس تجارتی جنگ نے سٹاک مارکیٹس میں ہلچل پیدا کردی تھی ، اس سے سپلائی چین میں خلل پڑا تھا اور کساد بازاری کا خوف بڑھ گیا تھا۔ دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹس میں پیر کو دن کے آغاز سے ہی تیزی دیکھی گئی۔ ہانگ کانگ کا ہانگ سینگ انڈیکس مقامی وقت کے مطابق شام کے وقت 3.4 فیصد اوپر جاچکا تھا۔یورپ میں جرمنی کا ڈی اے ایکس انڈیکس اور فرانس کا سی اے سی بالترتیب 1.2 فیصد اور 1 فیصد ابتدائی تجارتی سیشن میں اوپر تھے۔لندن کا ایف ٹی ایس ای انڈیکس 0.3 فیصد اوپر گیا، امریکی فیوچرز بھی اوپر جاچکے تھے۔

ڈاؤ 2.1 فیصد اوپر کھلنے کے لیے تیار تھا، جب کہ ایس اینڈ پی 500 اور ٹیک ہیوی نیسڈک کے فیوچرز بالترتیب 2.7 فیصد اور 3.6 فیصد بڑھوتری کی جانب گامزن ہوئے، برینٹ خام، عالمی تیل کا معیار، 2.8 فیصد بلند سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا۔اس حوالے سے چینی وزارت تجارت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیرف میں کمی عمومی طور پر دنیا کے مفاد میں ہے ۔

چینی وزارت تجارت نے اس امید کا اظہار کیا کہ امریکا چین کے ساتھ تجارت کرنے کے لئے کام کرتا رہے گا، ٹیرف میں کمی دنیا کے عمومی مفاد میں ہے۔بی بی سی نیوز کے مطابق چین اور امریکا میں تجارتی جنگ تھمنے کا اعلامیہ سامنا آنے کے بعد امریکی ڈالر اور یوآن کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ڈالر کی قیمت برطانوی پاؤنڈ، یورو اور جاپانی ین کے مقابلے میں بڑھی ہے، یوآن بھی ان 3 بڑی کرنسیوں اور ڈالر کے مقابلے میں اوپر گیا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596025

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں