ریاض۔27مئی (اے پی پی):سعودی عرب نے کہا ہے کہ حج کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے طبی سہولیات کی مجموعی صلاحیت میں گزشتہ سال کی نسبت 60 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
العربیہ اردو کے مطابق یہ بات سعودی عرب کے وزیر صحت فہد الجلاجل نے ریاض میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ انہوں نے بتایا کہ تین فیلڈ ہسپتال قائم کیے گئے ہیں جن میں مجموعی طور پر 1200 سے زائد بستروں کی گنجائش موجود ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ اب تک عازمین حج میں کسی وبائی بیماری کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب عازمین حج کی صحت و سلامتی کو اولین ترجیح دیتا ہے اور اسی مقصد کے تحت سخت طبی ہدایات اور احتیاطی تدابیر نافذ کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت صحت نے ایمرجنسی کی صورت میں فوری ردِعمل کے لیے 11 ایمبولینس طیارے، 900 ایمبولینس گاڑیاں اور مقدس مقامات پر 71 میڈیکل پوائنٹس مختص کیے ہیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ نازک حالت میں موجود عازمین حج کو جدید سینسر ڈیوائسز فراہم کی جا رہی ہیں جو دنیا کے سب سے بڑے ورچوئل ہسپتال سے منسلک ہیں۔