یوم تکبیر پر اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا ، پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،علی پرویز ملک

لاہور۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ آج ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔وہ یومِ تکبیر کے موقع پر لاہور کے علاقے بوگیوال روڈ، موسی پیلس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ پارلیمانی سیکرٹری ملک وحید، پارٹی کارکنان اور عوام کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ علی پرویز …

لاہور۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ آج ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔وہ یومِ تکبیر کے موقع پر لاہور کے علاقے بوگیوال روڈ، موسی پیلس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ پارلیمانی سیکرٹری ملک وحید، پارٹی کارکنان اور عوام کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ اگر ہم خطے میں باعزت اور خودمختار زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو ہمیں معاشی کمزوریوں کو دور کرنا ہوگا۔ نواز شریف نے 28 مئی 1998 کو ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

دشمنوں کے ساتھ روایتی ہتھیاروں میں توازن بھی ضروری ہے کیونکہ وہ خطے میں بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں۔علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے مشکل راستہ اختیار کرتے ہوئے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط کیا۔ پہلگام واقعے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی خواہ کشمیر میں ہو یا بلوچستان میں، معصوم بچوں پر حملے ناقابلِ قبول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت سے تعاون کی خواہش ظاہر کی اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ذمہ دار ایٹمی طاقت کے سربراہ کی حیثیت سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ اصل مجرموں تک پہنچا جا سکے۔علی پرویز ملک نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی جانب سے جواب اینٹ کا نہیں بلکہ پتھروں کی صورت میں دیا جائے گا۔ مودی نے خطے میں بدامنی کی کوشش کی تاہم پاکستان نے دانائی اور حکمت عملی سے اس کا منہ توڑ جواب دیا، ہمارے شاہینوں نے بھارتی رافیل طیارے گرائے اور دنیا نے پاکستان کی دفاعی قوت کا مشاہدہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس نازک وقت میں چین، ترکی، سعودی عرب، قطر اور دبئی نے پاکستان کی حمایت کا پیغام دیا۔ صدر اردوگان نے کہا کہ بھارت کا حملہ صرف پاکستان پر نہیں بلکہ پوری مسلم امہ پر ہے۔علی پرویز ملک نے کہا کہ قوم نے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا، پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔ آئندہ بجٹ میں دفاع کو مزید مضبوط کیا جائے گا اور تنخواہ دار طبقے کے لیے بھی وسائل کا انتظام کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے عوام کے لیے بجلی سستی کی اور مزید سہولیات فراہم کرنے کا عزم کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں لاہور میں ترقیاتی کام رکے ہوئے تھے، مگر اب عوام کے لیے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔ نواز شریف کا ادنی کارکن ہونے کے ناطے کہتا ہوں کہ جب بھی وطن عزیز کی بات آئے گی تو سیاست چھوڑ کر ملک کے دفاع کے لیے سب ایک ہو جائیں گے۔