اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نذراو غلو نے کہا ہے کہ ترکیہ کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا اور ہر فورم پراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے آواز اُٹھاتا رہے گا،ترکیہ آزادکشمیر میں تعلیم اور دیگرمختلف شعبوں میں کام کر ے گا جبکہ صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ترکیہ نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے،توقع ہے کہ ترکیہ آئندہ بھی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔
صدر آزاد کشمیر کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نذراو غلو سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر ترک سفارتخانے کی قونصلر یپرک بھی موجود تھیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے۔ ترکیہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری مظالم رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ امریکی صدر ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر ثالثی کی پیشکش کے بعد کشمیریوں کو مذاکرات میں شامل کیا جائے۔
اس موقع پر ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نذراو غلو نے صدر آزادکشمیر کو یقین دلایا کہ ترکیہ کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا اور ہم ہر فورم پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے آواز اُٹھاتے رہیں گے۔ ترکیہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر ترک سفیر نے کہا کہ ترکیہ آزادکشمیر میں تعلیم اور دیگرمختلف شعبوں میں کام کرنا چاہتا ہے۔
اس موقع پر صدر آزادکشمیر نے ترکیہ کے سفیرڈاکٹر عرفان نذر او غلو کو یقین دلایا کہ آزادکشمیر میں سرمایہ کاری میں ہم ترکیہ کو ہر طرح کی سہولیات، مدد اور تعاون فراہم کریں گے۔ ترک سفیر نے صدر آزاد کشمیر کو یقین دلایا کہ جہاں ترکیہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے وہاں ہم آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔