وزیر اعلی پنجاب کے کلین لاہور مشن کی کامیاب تکمیل کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوششیں جاری ہیں، ڈپٹی کمشنر لاہور

لاہور۔30مئی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کے کلین لاہور مشن کی کامیاب تکمیل کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوششیں جاری ہیں۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے تحصیل راوی کا تفصیلی دورہ کیا اور صفائی و نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران بیگم کوٹ،حنیف پارک اور ملحقہ علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔ چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن …

لاہور۔30مئی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کے کلین لاہور مشن کی کامیاب تکمیل کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوششیں جاری ہیں۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے تحصیل راوی کا تفصیلی دورہ کیا اور صفائی و نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران بیگم کوٹ،حنیف پارک اور ملحقہ علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔ چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن شاہد عباس کاٹھیا،اسسٹنٹ کمشنر راوی شبیر طارق و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر راوی نے صفائی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔صفائی کے ناقص نظام پر ڈپٹی کمشنر نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) حکام کو صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کی سخت ہدایات جاری کیں جبکہ نکاسی آب کے مسائل پر واسا کو فوری اقدامات کی ہدایت دی۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے کلین لاہور مشن کی کامیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت دی کہ روزانہ کی بنیاد پر گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے اور معمولاتِ زندگی کے آغاز سے قبل صفائی کے تمام انتظامات مکمل ہوں۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی سے متعلق اپنی شکایات ضلعی کنٹرول روم کے نمبر03070002345 پر درج کروائیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کیلئے پرعزم ہے۔