گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا روس کے سفیر البرٹ پی خوریف کے اعزازمیں ظہرانہ

85
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا روس کے سفیر البرٹ پی خوریف کے اعزازمیں ظہرانہ

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پاکستان میں تعینات روس کے سفیر البرٹ پی خوریف کے اعزازمیں ظہرانہ دیا۔ گورنر نے سفیر کا استقبال کیا۔ ظہرانہ میں روسی سفارتخانہ کے سینئر سفارتکار بھی سفیرکے ہمراہ تھے۔پیر کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے ظہرانہ میں روسی سفیر کا کرم متاثرین کیلئے امدادی سامان کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے دیئے گئے ظہرانہ میں دونوں ممالک کے درمیان شعبوں میں باہمی تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا بالخصوص کرم متاثرین کیلئے بروقت امداد کی فراہمی و ہمدردی پر روسی حکومت و عوام کے شکر گزار ہیں، خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں و سرمایہ کاری میں روس کے ساتھ دو طرفہ تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ گورنر نے امید ظاہرکی کہ روس کی حکومت کی جانب سے صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں اور محروم طبقات کی امداد کاسلسلہ جاری رہے گا۔

گورنرنے سفیر کو دورہ پشاور کی دعوت بھی دی۔ روسی سفیر نے پرتکلف مہمان نوازی اور عزت افزائی پر گورنر کا شکریہ ادا کیا اور بہت جلد پشاورکے دورہ کی یقین دہانی کرائی۔روسی سفیر نے خیبر پختونخوا کے عوام کیلئے ہرممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا سمیت پاکستانی عوام کے ساتھ محبت،احترام و دوستی کا رشتہ ہے۔گورنر نے آخر میں روسی سفیر کو صوبہ کی روایتی چادر و ٹوپی پہنائی اور سوینیئر بھی پیش کیا۔