نیویارک ۔3جون (اے پی پی):پاکستان کے سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے وفد کے ہمراہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں فرانس کے مستقل مندوب، سفیر جیروم بونافوں سے ملاقات کی اور ان پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کے تسلسل کو یقینی بنانے، سندھ طاس معاہدے کی بحالی اور پاک بھارت جامع مذاکرات کے آغاز کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔فرانسیسی مندوب نے خطے میں استحکام اور …
پاکستان کے سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کی وفد کے ہمراہ فرانس کے مستقل مندوب سفیر جیروم بونافوں سے ملاقات

مزید خبریں
نیویارک ۔3جون (اے پی پی):پاکستان کے سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے وفد کے ہمراہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں فرانس کے مستقل مندوب، سفیر جیروم بونافوں سے ملاقات کی اور ان پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کے تسلسل کو یقینی بنانے، سندھ طاس معاہدے کی بحالی اور پاک بھارت جامع مذاکرات کے آغاز کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔فرانسیسی مندوب نے خطے میں استحکام اور بات چیت کی حمایت کے اپنے موقف کا اعادہ کیا۔
منگل کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے روس، چین اور امریکا کے بعد سلامتی کونسل کے چوتھے اہم رکن فرانس کے سامنے پاکستان کا مقدمہ رکھا۔انہوں نے اقوام متحدہ میں فرانس کے مستقل مندوب جیروم بونافوں کو بھارتی جارحیت سے متعلق بریفنگ دی۔بلاول بھٹونے کہا کہ پہلگام حملے کا الزام بغیر کسی معتبر تحقیقات یا ثبوت کے پاکستان پر عائد کرنا نہایت سنگین نتائج کا باعث بنا، بھارت نے پاکستانی شہریوں پر یکطرفہ فوجی حملے کئے اور شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی۔پاکستان کا مؤقف بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر مبنی ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت خطے میں یکطرفہ حملوں کو "نیو نارمل” (New Normal) بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جس کے ایٹمی خطے جیسے جنوبی ایشیا میں نہایت سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔سب سے زیادہ دہشتگرد حملے پاکستان میں ہو رہے ہیں اور پاکستان خود دہشتگردی کا سب سے بڑا شکار ہے، پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے، دہشتگردی جیسے سنگین مسئلے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے،
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے تسلسل کو یقینی بنانے، سندھ طاس معاہدے کی بحالی اور پاک بھارت جامع مذاکرات کے آغاز کے لیے آپ اپنا کردار ادا کریں، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے بین الاقوامی قوانین کے احترام اور تمام تنازعات خصوصاً مسئلہ جموں و کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے گفتگو میں فرانس نے خطے میں استحکام اور بات چیت کی حمایت کے اپنے مؤقف کا اعادہ کیا۔








